ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں لیکن اگر غصہ آیا اور قانون توڑنا پڑا تو 16 سالہ لڑکی سے شادی کروں گا؛ حافظ حمداللہ

27 جنوری, 2026 10:39

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما حافظ حمداللہ نے کم عمری کی شادی سے متعلق قانون پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا فی الحال دوسری شادی کا کوئی ارادہ نہیں، لیکن اگر غصہ آیا اور قانون توڑنا پڑا تو وہ 16 سالہ لڑکی سے شادی کرلیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ وہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیں گے کہ بیرون ملک دورے سے واپسی پر چاروں صوبوں میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان اجتماعی شادیوں میں ایسے نوجوانوں کی شادیاں کی جائیں جو بالغ ہو چکے ہوں، چاہے ان کی عمر 18 سال سے کم ہی کیوں نہ ہو۔

حافظ حمداللہ نے واضح طور پر کہا کہ وہ ایسے قوانین کو تسلیم نہیں کریں گے جو ان کے بقول قرآن و سنت کے خلاف ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی قانون اسلامی تعلیمات سے متصادم ہو تو اسے ماننا ضروری نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوریہ ہے اور آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ قرآن اور سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں کی جا سکتی۔

جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جو لوگ آئین کے خلاف قوانین بنا رہے ہیں، دراصل وہ آئین سے بغاوت کر رہے ہیں، ان پر تو آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

آخر میں حافظ حمداللہ نے ایک بار پھر اپنے بیان کو دہرایا کہ اگرچہ وہ دوسری شادی کے موڈ میں نہیں ہیں، لیکن اگر انہیں غصہ آیا تو وہ 16 سال کی لڑکی سے شادی کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔