ماہ رمضان سے قبل عوام کیلئے بڑا جھٹکا

Major blow to the public ahead of Ramadan
سندھ حکومت نے ماہ رمضان کے آغاز سے قبل ہی شہریوں کے لیے آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے، جس سے عام شہریوں پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
کمشنر کراچی کے نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کی فی کلو ریٹیل قیمت 107 روپے مقرر کر دی گئی ہے، جو گزشتہ قیمت سے 8 روپے زیادہ ہے۔ اسی طرح 10 کلو کے تھیلے کی قیمت 1070 روپے ہو گئی ہے۔
آٹے کی ایکس مل قیمت 104 روپے فی کلو رکھی گئی ہے، جس کے مطابق 10 کلو کا تھیلا 1040 روپے میں دستیاب ہوگا۔ دسمبر 2025 میں کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمت 99 روپے فی کلو مقرر کی تھی، لیکن انتظامیہ شہر میں سرکاری نرخ پر آٹا فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
ریٹیل دکانوں پر صورتحال اور بھی خراب ہے۔ شہریوں کو سرکاری نرخ پر آٹا دستیاب نہیں ہے اور بازار میں 1 کلو آٹا 125 روپے جبکہ 10 کلو کا تھیلا 1250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ کراچی میں چکی کے آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس سے مہنگائی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین اور فلور ملز ایسوسی ایشن نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر سندھ حکومت نے گندم کی بروقت فراہمی کو یقینی نہ بنایا تو شہر میں آٹے کی قیمتیں قابو سے باہر ہو سکتی ہیں۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز نے بتایا کہ کراچی میں روزانہ ایک لاکھ بوری گندم کی ضرورت ہے، لیکن موجودہ وقت میں صرف پچاس ہزار بوری فراہم کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز پر آٹے کی قیمت میں اضافے سے گھروں میں روزمرہ کے اخراجات بڑھ جائیں گے اور عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔ حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ فوری اقدامات کر کے گندم کی بروقت فراہمی اور قیمتوں کو مستحکم کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











