ہماری فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں: ٹرمپ کی دھمکی پر ایرانی وزیر خارجہ کا سخت ردعمل

We are ready for war; US bases in the region will be targeted, says Iranian Foreign Minister
تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر واضح جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے ہمیشہ شفاف اور منصفانہ جوہری معاہدے کی حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق ایسا کوئی بھی معاہدہ قابل قبول ہوگا جس میں جوہری ہتھیار شامل نہ ہوں اور ایران کے بنیادی حقوق کو تسلیم کیا جائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران دفاع کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ادھر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی شامخانی نے بھی سخت بیان سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے فوجی کارروائی کی تو امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
علی شامخانی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے محدود حملے کی باتیں محض فریب ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی امریکی حملے کا ایرانی ردعمل فوری، مکمل اور مثال بننے والا ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بڑا امریکی بحری بیڑا ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق اس بیڑے کی قیادت طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ بحری بیڑا ضرورت پڑنے پر طاقت کے استعمال کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ ایران جلد مذاکرات کی میز پر آئے گا اور ایک منصفانہ جوہری معاہدے پر بات چیت کرے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









