جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

کرپشن فری سوسائٹی کے لیکچر دینے والے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر امجد علی کٹہرے میں

29 جنوری, 2026 21:43

پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ صوبائی اسمبلی، ڈاکٹر امجد علی (سوات) — جو اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر کرپشن فری سوسائٹی کے وعظ دیتے رہے — آج خود Assets Beyond Means کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے طلب ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن اسلام آباد نے ڈاکٹر امجد علی کو 3 فروری 2026 کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے، کیونکہ ان کے ظاہر کردہ اثاثوں اور معلوم آمدن میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو فراہم کی گئی تفصیلات میں ایسے اثاثے شامل ہیں جن کی آمدن کے ذرائع تسلی بخش طور پر واضح نہیں کیے جا سکے۔

یہ وہی ڈاکٹر امجد علی ہیں جو ہر دوسرے دن اسمبلی میں کھڑے ہو کر “صاف سیاست، صاف پاکستان” کا نعرہ لگاتے رہے، مخالفین کو کرپشن کے طعنے دیتے رہے اور خود کو ایمانداری کی مثال کے طور پر پیش کرتے رہے۔ مگر آج صورتحال یہ ہے کہ خود انہی کے اثاثے سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے اس بیانیے پر بھی سوالیہ نشان ہے جو برسوں سے خود کو واحد ایماندار جماعت قرار دیتی رہی ہے۔ تقریریں آسمان پر، مگر عملی کارکردگی زمین پر نظر آ رہی ہے۔

عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اگر واقعی پی ٹی آئی کرپشن فری سوسائٹی کی علمبردار ہے تو پھر اس کے اپنے منتخب نمائندے ایک کے بعد ایک احتساب کی زد میں کیوں آ رہے ہیں؟ کیا “احتساب” کا نعرہ صرف سیاسی مخالفین کے لیے تھا؟

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق، اگر ڈاکٹر امجد علی اپنے اثاثوں کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے تو نہ صرف نااہلی بلکہ دیگر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

فی الحال تمام نظریں 3 فروری 2026 کی سماعت پر ہیں، جہاں یہ طے ہوگا کہ کرپشن کے خلاف لیکچر دینے والے خود کس حد تک اس کسوٹی پر پورا اترتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔