ایران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیدیا

ایران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیدیا
ایران نے یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے۔ یہ ردعمل یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے خلاف حالیہ اقدام کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین ایران کے داخلی قوانین سے بخوبی واقف ہے۔ ان کے مطابق وہ تمام یورپی ممالک جنہوں نے پاسدارانِ انقلاب کے خلاف یورپی قرارداد کی حمایت کی، ان کی افواج کو ایران دہشت گرد تنظیمیں تصور کرتا ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ اس فیصلے کے نتائج کی مکمل ذمہ داری انہی یورپی ممالک پر عائد ہوگی جنہوں نے ایسے اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب سے متعلق قانون ایرانی پارلیمنٹ نے اپریل 2019 میں منظور کیا تھا۔ اس قانون کے تحت پاسدارانِ انقلاب کو بلیک لسٹ کرنے والے عناصر کو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے۔
اس سے ایک روز قبل یورپی یونین نے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے پر ایران کی مسلح افواج نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر منطقی، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب ایران کی مسلح افواج کا ایک اہم حصہ ہے، جسے 1979 کے ایرانی انقلاب کے بعد قائم کیا گیا تھا۔ یہ فورس ایرانی فوج کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور براہ راست ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











