ملک میں حالیہ فسادات امریکی و اسرائیلی سازش تھے، ایرانی قوم نے بغاوت ناکام بنا دی: ایرانی سپریم لیڈر

تاریخی مظاہروں نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیے: آیت اللہ خامنہ ای
تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ فسادات دراصل امریکا اور اسرائیل کی سازش تھے، جنہیں ایرانی قوم نے ناکام بنا دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ محض الزام نہیں کہ یہ منصوبہ بیرونِ ملک تیار کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق امریکی صدر کے بیانات خود اس بات کا ثبوت ہیں، جن میں انہوں نے فسادیوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ آگے بڑھتے رہیں اور انہیں مدد فراہم کی جائے گی۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات دراصل بغاوت کی ایک کوشش تھے، جنہیں بیرونِ ملک سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق سی آئی اے اور موساد نے فسادات کو ہوا دینے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے، لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران عالمی جارح طاقتوں کے مفادات سے ٹکرا رہا ہے، اسی لیے یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ یہ آخری فسادات تھے۔ ان کے مطابق یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہ سکتا ہے جب تک دشمن مکمل طور پر مایوس نہ ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ دکانداروں اور تاجروں کے بعض مطالبات جائز تھے، تاہم فسادی عناصر نے پُرامن احتجاج کو پُرتشدد بنانے کی کوشش کی۔ جب تاجروں کو صورتحال کا ادراک ہوا تو انہوں نے خود کو ان عناصر سے الگ کر لیا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی قوم کی بیداری اور اتحاد نے اس سازش کو ناکام بنایا اور یہ ثابت کر دیا کہ دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










