افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے، سی این این کی رپورٹ

افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے، سی این این کی رپورٹ
ویب ڈیسک: امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال ہو رہا ہے، جو خطے میں سیکیورٹی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑا گیا جدید اسلحہ دہشتگرد تنظیموں کے ہاتھ لگ چکا ہے، جسے پاکستان کے خلاف حملوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) امریکی ساختہ رائفلز، مشین گنز اور اسنائپر ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جدید امریکی ہتھیاروں کی دستیابی کے باعث دہشتگرد حملوں کی شدت، درستگی اور تباہی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس نے دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
انسپکٹر جنرل برائے افغانستان ری کنسٹرکشن (SIGAR) کے سربراہ جان سوپکو کے مطابق امریکی انخلا کے وقت افغانستان میں تقریباً 3 لاکھ امریکی ہتھیار چھوڑے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان اور بلوچستان میں ہونے والے کئی دہشتگرد حملوں میں یہی جدید امریکی اسلحہ استعمال ہوا۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان متعدد بار افغان عبوری حکومت اور عالمی برادری کو ٹھوس شواہد فراہم کر چکی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جبکہ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیاروں سے لیس ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










