جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

نئے ڈیزائنز والے کرنسی نوٹ سے متعلق بڑا فیصلہ

05 فروری, 2026 09:43

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا ہے کہ مرکزی بینک کے بورڈ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ ان کے مطابق حتمی عمل درآمد وفاقی حکومت اور کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جس کے تحت مرحلہ وار تمام کرنسی نوٹس تبدیل کیے جائیں گے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ نئے نوٹ جدید سیکیورٹی فیچرز سے لیس ہوں گے۔ ان میں نئی کلر اسکیم بھی شامل کی گئی ہے تاکہ جعلسازی کے امکانات کم ہوں اور عوام کو محفوظ کرنسی میسر آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے نوٹ متعارف کروانے کا اختیار حکومت کے پاس ہوگا۔

جمیل احمد نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ پانچ ہزار روپے کے نوٹ کو ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے خبردار کیا کہ اگر پانچ ہزار کا نوٹ ختم کیا گیا تو اس کے معیشت اور مارکیٹ پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اجلاس میں سوال اٹھایا کہ ماضی میں کمیٹی نے جعلی پانچ ہزار کے تین نوٹ اسٹیٹ بینک کو فراہم کیے تھے، مگر نہ تو اس پر کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی وہ نوٹ واپس کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 75 روپے کا نوٹ عملی طور پر مارکیٹ میں استعمال نہیں ہوتا، اس لیے ایسے نوٹ جاری کیے جائیں جو عوام کی روزمرہ ضرورت میں ہوں۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں بتایا کہ حکومت رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں متعلقہ فریقین سے بات چیت جاری ہے اور جلد پیش رفت متوقع ہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی ارکان نے یو اے ای سے متعلق قرض کے رول اوور پر بھی سوالات کیے۔ اس پر سیکرٹری خزانہ نے وضاحت دی کہ قرض صرف ایک ماہ کے لیے رول اوور ہونے کی بات درست نہیں اور یہ مناسب سوال نہیں ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔