جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

سولر صارفین کیلئے تشویشناک خبر آگئی

05 فروری, 2026 09:57

لیسکو نے وزارتِ توانائی کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے بلنگ کے نظام میں اہم تبدیلیاں نافذ کر دی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد بجلی کے ایکسپورٹ نظام کو مزید کنٹرول میں لانا بتایا جا رہا ہے۔ تاہم اس فیصلے سے سولر صارفین کے مالی فوائد متاثر ہو سکتے ہیں۔

لیسکو آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کو دی جانے والی فی یونٹ ایکسپورٹ قیمت میں 66 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے۔ اب صارفین کو فی یونٹ 25 روپے 98 پیسے کے بجائے 25 روپے 32 پیسے ادا کیے جائیں گے۔ نئی بلنگ پالیسی کا اطلاق جنوری 2026 سے ہونے والے بلوں پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ منظور شدہ ڈی جی کپیسٹی سے زائد بجلی گرڈ میں شامل نہیں کی جائے گی۔ اگر کوئی صارف اپنی منظور شدہ صلاحیت سے زیادہ یونٹس ایکسپورٹ کرے گا تو ان اضافی یونٹس کو بل میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

لیسکو کے مطابق ایکسپورٹ یونٹس کو ڈی جی کپیسٹی کے تناسب سے محدود کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایکسپورٹ ایم ڈی آئی زیادہ ہونے کی صورت میں یونٹس ایڈجسٹ کرنے کے لیے نیا طریقہ کار بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ سی پی 22 کے تحت یونٹس کی ایڈجسٹمنٹ کا عمل پہلے کی طرح جاری رہے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے ایکسپورٹ ایم ڈی آئی کا درست اندراج اب لازمی ہوگا۔ اگر ڈیٹا غلط یا نامکمل ہوا تو بلنگ میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جس کی ذمہ داری صارف پر عائد ہوگی۔

لیسکو نے تمام متعلقہ افسران کو نئی ہدایات پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔ توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں سے نیٹ میٹرنگ صارفین کے منافع میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ پالیسی سولر انرجی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے مایوس کن ثابت ہو سکتی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔