ایپسٹین فائلز میں مودی کا نام کیوں؟ بھارتی سیاست میں طوفان، وضاحت کا مطالبہ

بدنام زمانہ امریکی جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق منظرِ عام پر آنے والی دستاویزات میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کا نام آنے کی خبروں نے بھارتی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھاتے ہوئے حکومت سے دو ٹوک وضاحت طلب کر لی ہے۔
بھارتی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وزیرِ اعظم اس معاملے پر وضاحت پیش کریں۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم پر لگنے والے الزامات کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے بھی مودی اور ایپسٹین کے مبینہ روابط پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہونا چاہیے کہ ایک بدنام زمانہ مجرم سے بھارتی وزیرِ اعظم کا رابطہ کس مقصد کے لیے تھا۔
کانگریس کے ایک اور رہنما پون کھیرا نے دعویٰ کیا کہ ایپسٹین کی تحریروں میں یہ ذکر ملتا ہے کہ مودی نے اسرائیل میں امریکی صدر کے فائدے کے لیے ایک تقریب میں شرکت کی، حکومت وضاحت کرے۔
ادھر کرناٹک کے وزیر پریانک کھرگے نے الزام عائد کیا کہ وزیرِ اعظم مودی ایپسٹین فائلز اور دیگر بین الاقوامی امور پر پارلیمنٹ میں گفتگو سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی پارلیمانوں میں ایپسٹین فائلز پر بات ہو رہی ہے، تو بھارت میں اس پر بحث سے کیوں گریز کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر ان دستاویزات میں مودی کے نام سے متعلق دعوے مزید توجہ حاصل کرتے ہیں تو یہ بھارتی سیاست میں شدید بحران اور سیاسی ہلچل کا باعث بن سکتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










