ٹرمپ نے رواں سال کے آخر میں چینی صدر کے دورہ امریکہ کی تصدیق کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں رواں سال کے اختتام تک چینی صدر شی جن پنگ کے واشنگٹن آنے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے دو طاقتور ترین ممالک ہیں اور ہمارے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں۔
یہ بات بدھ کے روز ریکارڈ کیے گئے ایک انٹرویو میں کہی، جس کے کچھ حصے اتوار کو نشر کیے گئے۔ اسی روز ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ایک طویل اور اہم گفتگو بھی ہوئی، جس میں تجارت، تائیوان، روس یوکرین جنگ اور ایران کی صورتحال سمیت متعدد عالمی امور زیرِ بحث آئے۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اپریل میں چین کے دورے پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے بعد سال کے آخر میں شی جن پنگ امریکہ کا دورہ کریں گے۔
شی جن پنگ، جو آخری بار 2023 میں امریکہ آئے تھے، نے بدھ کے روز ٹرمپ کو خبردار کیا کہ خود مختار حیثیت رکھنے والے تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے کے معاملے میں احتیاط سے کام لیا جائے۔ چین تائیوان کو اپنے علاقے کا حصہ سمجھتا ہے۔
چینی صدر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ تجارت سمیت دوطرفہ امور کو بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان دوستانہ طریقے سے حل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم مسائل کو ایک ایک کر کے حل کریں اور باہمی اعتماد کو مسلسل مضبوط بناتے رہیں تو ہم دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے ایک درست راستہ متعین کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ نے اس گفتگو کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں اس بات کو سمجھتے ہیں کہ اس تعلق کو اسی طرح برقرار رکھنا کتنا اہم ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










