منگل، 10-فروری،2026
منگل 1447/08/22هـ (10-02-2026م)

نیٹ میٹرنگ صارفین کیلئے بڑی خبر آگئی

10 فروری, 2026 09:43

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی ریگولیشنز کا اطلاق بائیوگیس صارفین پر بھی ہو گا، جس سے توانائی کے متبادل ذرائع استعمال کرنے والوں کو بھی اس نظام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ اب نیٹ میٹرنگ صارفین کو بلنگ سائیکل کے اختتام پر مکمل بل جاری کیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت بجلی کی خرید و فروخت کے طریقہ کار میں واضح تبدیلی کی گئی ہے۔

نئی ریگولیشنز کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی نیشنل ایوریج انرجی پرائس پر خریدی جائے گی۔ جبکہ صارفین کو بجلی موجودہ سرکاری ٹیرف کے مطابق فراہم کی جائے گی۔ اس فرق کا مقصد پاور سیکٹر میں مالی توازن کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔

نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل گرڈ کو اضافی بجلی فراہم کرنے والے صارفین کو ادائیگی سہ ماہی بنیادوں پر کی جائے گی۔ اس سے قبل یہ ادائیگیاں مختلف طریقوں سے کی جاتی تھیں، جس پر صارفین کی جانب سے تحفظات سامنے آتے رہے تھے۔

نئی پالیسی کے تحت نیٹ میٹرنگ کے معاہدے کی مدت کو 5 سال تک محدود کر دیا گیا ہے۔ معاہدہ مکمل ہونے کے بعد اس میں مزید 5 سال کی توسیع کی جا سکے گی، تاہم اس کے لیے دوبارہ شرائط کا جائزہ لیا جائے گا۔

نیپرا نے واضح کیا ہے کہ نئی ریگولیشنز کے نفاذ کے بعد نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2015 معطل ہو جائیں گی۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد بجلی کے نظام کو جدید بنانا اور پائیدار توانائی کے استعمال کو منظم کرنا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔