افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی تشویشناک قرار

نیویارک : اقوام متحدہ کے افغانستان امدادی مشن (یوناما) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بنیادی انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور سماجی ڈھانچے کو سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔
یوناما کے مطابق افغانستان میں آزاد صحافت اور میڈیا پر قدغنیں بدستور برقرار ہیں اور حالیہ عرصے میں ان پابندیوں میں مزید شدت دیکھی گئی ہے۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں کو مختلف قسم کی رکاوٹوں اور دباؤ کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ طالبان کی جانب سے عام معافی کے دعوؤں کے باوجود سابق حکومتی اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز کے افراد کو مختلف نوعیت کے خطرات لاحق ہیں۔ یوناما کے مطابق متعدد واقعات ایسے سامنے آئے ہیں جو ان دعوؤں سے متصادم دکھائی دیتے ہیں۔
خواتین کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعلیم، روزگار اور آزادانہ نقل و حرکت پر عائد پابندیاں بدستور موجود ہیں، جس سے خواتین کی سماجی و معاشی شرکت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
یوناما نے افغانستان کے نظامِ انصاف کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ فوجداری ضابطوں اور عدالتی طریقہ کار نے انصاف کی فراہمی کو متاثر کیا ہے۔
سیاسی اور سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردی، معاشی ابتری اور انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ افغانستان کی موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ، معیشت کی بحالی، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنائے۔
یوناما کی رپورٹ نے ایک بار پھر عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرائی ہے اور انسانی حقوق کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










