ٹیرف نہ لگاتے تو پاک – بھارت کشیدگی ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ جاتی : صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگی کشیدگی کا تذکرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنازع کے دوران دس طیارے گرائے گئے تھے اور صورتحال انتہائی خطرناک حد تک جا پہنچی تھی۔
امریکی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان شدید لڑائی جاری تھی اور وہ واقعی ایک دوسرے کے خلاف جا رہے تھے، جس سے خطے میں بڑے تصادم کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ صورتحال ایٹمی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی تھی کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت رکھتے ہیں اور کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی تھی۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ اس دوران دس طیارے مار گرائے گئے تھے اور دونوں اطراف سے بھرپور حملے ہو رہے تھے، جس سے حالات بے قابو ہونے کے قریب پہنچ گئے تھے۔
امریکی صدر کے مطابق اگر اس وقت مناسب تجارتی محصولات یعنی ٹیرف نہ لگائے جاتے تو ممکن تھا کہ یہ کشیدگی ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ جاتی اور اس کے اثرات پوری دنیا کو متاثر کرتے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان کی رائے میں پاکستان اور بھارت شدید لڑائی میں مصروف تھے اور یہ تنازع کسی بھی وقت ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہو سکتا تھا، لیکن اقتصادی دباؤ اور سفارتی اقدامات کے ذریعے اس صورتحال کو قابو میں رکھا گیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت اور اقتصادی پالیسیاں بعض اوقات جنگوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ ایک ایسی مثال تھی جہاں محصولات نے ممکنہ ایٹمی تصادم کو ٹالنے میں کردار ادا کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












