جمعہ، 13-فروری،2026
جمعہ 1447/08/25هـ (13-02-2026م)

ناکام سفارتکاری کے باعث بیرونِ ملک تعلیم کیلئے بھارتی طلبہ کا مستقبل غیر یقینی

13 فروری, 2026 10:08

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناکام سفارتکاری اور کرپٹ نظام کے باعث بیرونِ ملک تعلیم کے لیے جانے والے بھارتی طلبہ کا مستقبل غیر یقینی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے اور کئی ممالک میں ویزا اور داخلہ پالیسیوں میں سختی دیکھی جا رہی ہے۔

بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران بیرونِ ملک جانے والے بھارتی طلبہ کی تعداد میں 31 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو ایک غیر معمولی تنزلی سمجھی جا رہی ہے۔

اخبار دا ٹریبیون نے رپورٹ کیا کہ تین سال کے عرصے میں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 9 لاکھ 8 ہزار سے کم ہو کر 6 لاکھ 26 ہزار رہ گئی ہے۔

یہ اعداد و شمار بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کی جانب سے راجیہ سبھا میں تحریری سوال کے جواب میں فراہم کیے گئے، جس کے بعد اس معاملے پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

ماہرینِ تعلیم کے مطابق مختلف ممالک میں جعلی ڈگریوں کے نیٹ ورکس اور بھارتی شہریوں سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث امیگریشن قوانین سخت کیے جا رہے ہیں جس کا براہ راست اثر طلبہ پر پڑ رہا ہے۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ سفارتی سطح پر مؤثر روابط کے فقدان اور بین الاقوامی اعتماد میں کمی کی وجہ سے بھارتی طلبہ کو داخلوں، ویزا اور ملازمت کے مواقع میں مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی ایچ ون ویزا سے فائدہ اٹھانے والے بھارتی نوجوان بھی اس وقت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں اور نئی پابندیوں کے باعث انہیں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

یوں بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کا رجحان کم ہونا نہ صرف طلبہ بلکہ بھارت کے تعلیمی اور سفارتی نظام کے لیے بھی ایک اہم سوالیہ نشان بنتا جا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔