عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے، 4 ماہ کی غفلت والی بات غلط ہے: رانا ثنااللہ

مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی ہی رکاوٹ ہیں، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے حوالے سے 4 ماہ کی غفلت والی کوئی بات نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی صحت پر سیاست کرنا درست نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے سینیٹ اجلاس میں کہا کہ حقائق کے برعکس دعوے کرنا اور انہیں سیاست کے لیے استعمال کرنا غلط اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے اپنی شکایت جنوری کے پہلے ہفتے میں کی۔ 16 جنوری کو معائنہ ہوا اور 19 جنوری کو دوبارہ معائنہ کیا گیا۔ جیل کے ڈاکٹر نے ڈراپس دیے جنہیں عمران خان نے تین چار دن استعمال کیا۔ 24 جنوری کو انہیں انجیکشن بھی لگایا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا 25 مرتبہ باہر سے ڈاکٹرز نے معائنہ کیا۔ 9 دسمبر کے چیک اپ میں عمران خان نے آنکھ کی شکایت نہیں کی تھی اور میڈیکل بورڈ کے اجلاس میں بھی آنکھ کا ذکر نہیں ہوا۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہے اور فوری معائنہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کیس میں کچھ لاپرواہی ہوئی، جسے فوری درست کرنے کی ضرورت ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب بھی عمران خان نے شکایت کی، اس کا فوری چیک اپ ہوا، اس لیے 4 ماہ کی غفلت والی بات درست نہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











