اتوار، 15-فروری،2026
اتوار 1447/08/27هـ (15-02-2026م)

بنگلہ دیش کو چین یا امریکہ میں سے کسی ایک کے انتخاب کا پیغام

15 فروری, 2026 09:36

معروف صحافی نصرت جاوید نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں تعینات امریکی سفیر برینٹ ٹی کرِسٹینسن نے الیکشن سے ایک دن قبل ایک بین الاقوامی ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں جنوبی ایشیاء میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اسے روکنا ضروری ہے۔

انہوں نے اشارہ دیا کہ بنگلہ دیش نے چین کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت بھارت کی سرحد کے قریب چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرون بنانے کی فیکٹری قائم کی جائے گی اور ساتھ ہی پاکستان سے جے ایف-17 تھنڈر طیارے خریدنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا، تاہم سفیر نے ان معاہدوں کا براہِ راست ذکر نہیں کیا بلکہ یہ مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ بنگلہ دیش کو بہتر متبادل دفاعی نظام فراہم کر سکتا ہے۔

ان کے مطابق الیکشن کے بعد بننے والی حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے دفاعی انحصار کے لیے کس ملک کا انتخاب کرتی ہے، دوسرے الفاظ میں امریکی سفیر نے یہ واضح اشارہ دیا کہ اپنا انتخاب کریں، یا امریکہ یا پھر چین۔

نصرت جاوید کے مطابق اگر ایک سفیر انتخاب سے صرف ایک دن پہلے اس طرح کا پیغام دے رہا ہے تو یہ امریکہ کے خطے کے حوالے سے طویل المدتی منصوبوں کی نشاندہی کرتا ہے، جن پر پاکستان اور دیگر متعلقہ ممالک سنجیدگی سے غور نہیں کر رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج یہ بات بنگلہ دیش کے لیے کہی جا سکتی ہے تو مستقبل میں پاکستان کے لیے بھی اس نوعیت کی ڈکٹیشن ممکن ہے۔

امریکی سفیر نے بنگلہ دیش کے بھارت کے ساتھ تعلقات پر بھی زور دیا اور کہا کہ آپ کے تعلقات درست کریں کیونکہ خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہوں، اور یہ پیغام دراصل بنگلہ دیش کے لیے ایک باقاعدہ ڈکٹیشن کے مترادف ہے۔

سوال یہ اٹھتا ہے کہ نئی حکومت اس ڈکٹیشن کو قبول کرے گی یا نہیں، اور اس سے خطے کی سیاست اور طاقت کے توازن پر اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔