اتوار، 15-فروری،2026
اتوار 1447/08/27هـ (15-02-2026م)

سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ کون سا ہے؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

15 فروری, 2026 09:36

پاکستان میں توانائی کی تقسیم کے نظام کے حوالے سے صحافی عباس بگٹی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ دور میں گیس کی ترسیل کسی ایک صوبے کی پائپ لائن نہیں بلکہ ایک مشترکہ قومی نظام ہے، تاہم عوامی سطح پر اب بھی یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی تمام گیس پیدا کرتا ہے اور اسے بغیر ادائیگی استعمال کرتا ہے، جسے انہوں نے حقائق کے منافی قرار دیا۔

ان کے مطابق یہ درست ہے کہ پاکستان میں گیس کی دریافت سب سے پہلے 1952 میں بلوچستان کے علاقے سوئی میں ہوئی تھی اور طویل عرصے تک، خصوصاً 1990 کی دہائی میں، بلوچستان ملک کا سب سے بڑا گیس پیدا کرنے والا صوبہ رہا، یہاں تک کہ 1995 میں پاکستان کی مجموعی گیس پیداوار کا تقریباً 56 فیصد حصہ بلوچستان سے حاصل ہو رہا تھا، مگر وقت کے ساتھ صورتحال میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2025 تک پاکستان کی مجموعی گیس پیداوار تقریباً 3597 ملین کیوبک فٹ یومیہ (ایم ایم سی ایف ڈی) ہے جبکہ مجموعی طلب 4000 ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر چکی ہے، اور اس مجموعی پیداوار میں بلوچستان کا حصہ محض 359 ایم ایم سی ایف ڈی یعنی تقریباً 9 سے 10 فیصد رہ گیا ہے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ بلوچستان میں پیدا ہونے والی اس گیس میں سے تقریباً 6 فیصد صوبے کے اندر استعمال ہوتی ہے جبکہ باقی تقریباً 3 فیصد ملک کے دیگر حصوں کو فراہم کی جاتی ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اب بلوچستان پاکستان کی بیشتر گیس پیدا نہیں کرتا۔

عباس بگٹی کے مطابق ملک کی بقیہ گیس بڑی حد تک سندھ، خیبر پختونخوا اور آف شور گیس فیلڈز سے حاصل ہوتی ہے جبکہ ایک بڑا حصہ مائع قدرتی گیس یعنی ایل این جی کی صورت میں درآمد بھی کیا جاتا ہے، جو مہنگی ہوتی ہے اور اس کی ادائیگی تمام صوبوں کے ٹیکس دہندگان کے ذریعے کی جاتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں ٹیکس محصولات میں سب سے بڑا حصہ قومی سطح پر ٹیکس دہندگان کی جانب سے آتا ہے، لہٰذا جب ایل این جی درآمد کی جاتی ہے تو اس کا مالی بوجھ بھی پورے ملک کے عوام برداشت کرتے ہیں، جس میں بلوچستان بھی شامل ہوتا ہے۔

2020 سے 2024 کے دوران دستیاب پیداواری اعداد و شمار کے مطابق سندھ 70 فیصد سے زائد گیس پیدا کرتا ہے، بلوچستان کا حصہ تقریباً 14 سے 20 فیصد کے درمیان رہا، خیبر پختونخوا 10 سے 13 فیصد تک پیداوار دیتا ہے جبکہ پنجاب کا حصہ تقریباً 2 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیانیہ کہ بلوچستان واحد گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے ایک غلط فہمی ہے جو اکثر سیاسی مباحث میں دہرائی جاتی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ گیس کی قومی پیداوار میں سندھ کا کردار بنیادی اور خیبر پختونخوا کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے، اس لیے توانائی کے قومی نظام کو مشترکہ اور بین الصوبائی تناظر میں سمجھنا ناگزیر ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔