منگل، 17-فروری،2026
منگل 1447/08/29هـ (17-02-2026م)

پاکستان نے ہر محاذ پر دہشت گردی کو پیچھے دھکیل دیا؛ ڈیلی صباح

17 فروری, 2026 16:14

ترکی کے معروف جریدے ڈیلی صباح نے اسلام آباد اور بلوچستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں پر ایک تفصیلی تجزیہ شائع کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بروقت اور مؤثر ردعمل دے کر دہشت گردی کو اسٹریٹجک کامیابی میں بدلنے سے روک دیا۔

آرٹیکل کے مطابق، ان دو بڑے حملوں کا مقصد پاکستان کی برداشت، ریاستی رٹ اور عوامی اعتماد کو کمزور کرنا تھا۔ اسلام آباد میں مسجد پر حملہ اور بلوچستان میں مربوط دہشت گرد کارروائیاں خوف پھیلانے اور فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھانے کی کوشش تھیں۔

ڈیلی صباح کے مطابق دہشت گردوں کی حکمت عملی کسی علاقے پر قبضہ کرنا نہیں تھی بلکہ عوام میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنا اور ریاست کو کمزور ظاہر کرنا تھا۔ تاہم پاکستان نے اپنی مضبوط انسدادِ دہشت گردی صلاحیتوں سے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

اسلام آباد میں خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 40 گھنٹوں کے اندر 145 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی طرح بلوچستان میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والے آپریشن ردالفتنہ کے دوران بی ایل اے کے 216 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے باوجود نہ تو ریاستی رٹ متاثر ہوئی، نہ کوئی بڑا اسٹریٹجک نقصان ہوا اور نہ ہی دہشت گرد اپنے مقاصد حاصل کر سکے۔ پاکستان نے صورتحال کو مکمل کنٹرول میں رکھا۔

ڈیلی صباح کے مطابق جدید دہشت گردی صرف ہتھیاروں سے نہیں لڑی جاتی بلکہ یہ نفسیاتی اور پروپیگنڈا جنگ بھی ہوتی ہے۔ دہشت گردوں کا اصل ہدف عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کو کمزور کرنا ہوتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تینوں محاذوں پر کامیابی حاصل کی۔ فوری کنٹرول، دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا، اور نفسیاتی جنگ کو ناکام بنانا۔ یہ تینوں اہداف حاصل کیے گئے۔

عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے سے علیحدگی پسندوں کا بیانیہ بے نقاب ہو گیا اور یہ واضح ہو گیا کہ یہ کارروائیاں خالصتاً دہشت گردی ہیں، نہ کہ کوئی سیاسی جدوجہد۔

ڈیلی صباح نے نشاندہی کی کہ عالمی سطح پر بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا پاکستان کے مؤقف کی مضبوط تائید ہے۔ سرحد پار معاونت اور جدید ہتھیار دہشت گردی کو مزید خطرناک بنا رہے ہیں۔

آرٹیکل میں افغانستان میں چھوڑے گئے اربوں ڈالر کے اسلحے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جس کے دہشت گرد گروہوں تک پہنچنے کے خدشات پر پاکستان پہلے ہی عالمی برادری کو متوجہ کر چکا ہے۔

آخر میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو جسمانی، مالی اور نفسیاتی جگہ نہ دینا ہی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی ہے۔ پاکستان کے مؤثر ردعمل نے دہشت گردوں کو ان حملوں سے رفتار پکڑنے کا موقع نہیں دیا، اور مسلسل کارروائیوں نے ان کے منصوبوں کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔