بنگلہ دیش کے نومنتخب ارکانِ پارلیمان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے نومنتخب ارکانِ پارلیمان نے آج صبح جاتیہ سنگساد بھبن میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، تاہم انہوں نے آئینی اصلاحاتی کونسل کے رکن کے طور پر حلف لینے سے انکار کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین نے تیرہویں پارلیمانی انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان اپنی اہلیہ زبیدہ رحمان اور بیٹی زائمہ رحمان کے ہمراہ موجود تھے۔
الیکشن کمیشن نے جمعہ کی رات تیرہویں قومی انتخابات کی دو سو ننانوے میں سے دو سو ستانوے نشستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے بعد حلف برداری کی راہ ہموار ہوئی۔
دوسری طرف حلف برداری کی تقریب کے آغاز پر پارٹی کے سینئر رہنما صلاح الدین احمد نے واضح کیا کہ پارٹی سربراہ طارق رحمان کی ہدایات کے مطابق تمام منتخب ارکان کو کہا گیا ہے کہ وہ آئینی اصلاحاتی کونسل سے متعلق فارم پر دستخط نہ کریں، کیونکہ انہیں اس کونسل کے رکن کے طور پر منتخب نہیں کیا گیا۔
صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ آئینی اصلاحاتی کونسل کا ذکر موجودہ آئین میں شامل نہیں ہے۔ ان کے مطابق اگر ریفرنڈم کے نتیجے میں ایسی کسی کونسل کی منظوری دی گئی ہے تو اسے پہلے باضابطہ طور پر آئین کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ضروری قواعد و ضوابط بھی طے ہونا چاہئیں، جن میں یہ وضاحت شامل ہو کہ کونسل کے ارکان سے حلف کون لے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










