مذاکرات میں انتہائی لچک ضرور، مگر جنگ کیلئے بھی مکمل تیار ہیں : ایران

ایران نے واضح کر دیا ہے کہ جاری اور ممکنہ مذاکرات کا دائرہ کار صرف اس کے جوہری پروگرام تک محدود ہوگا، جبکہ میزائل پروگرام کسی صورت زیرِ بحث نہیں آئے گا۔
قطری میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں غیر معمولی لچک دکھانے کو تیار ہیں، تاہم اگر حالات نے رخ بدلا تو وہ ہر ممکن صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایرانی حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ان کا بنیادی مؤقف واضح ہے کہ مذاکرات صرف جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے ہوں گے۔ میزائل صلاحیت یا دفاعی پروگرام کو وہ قومی سلامتی کا حصہ قرار دیتے ہیں اور اسے کسی بیرونی دباؤ کے تحت زیرِ بحث لانے کیلئے آمادہ نہیں۔
جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران نے عندیہ دیا ہے کہ وہ سنجیدہ سمجھوتوں پر آمادہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ افزودگی کی سطح میں نمایاں کمی پر غور کیا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ وہ دو ہزار پندرہ کے معاہدے سے بھی آگے بڑھ کر اقدامات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران اس بار عالمی خدشات کو کم کرنے کیلئے اضافی رعایت دینے کا اشارہ دے رہا ہے۔
ایران نے بین الاقوامی معائنہ کاروں کو بھی مکمل رسائی دینے کی پیشکش کی ہے۔ حکام کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو جوہری تنصیبات کی نگرانی کیلئے وسیع اختیارات دیے جا سکتے ہیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایران پہلے سے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کے معاملے پر بھی لچک دکھانے کیلئے تیار ہے۔
ایک اہم پیش رفت یہ بھی سامنے آئی ہے کہ ایران نے امریکی کاروباری حلقوں اور کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیغام اس بات کا اشارہ ہے کہ تہران اقتصادی تعلقات کو بہتر بنا کر کشیدگی کم کرنا چاہتا ہے۔
تاہم ایرانی قیادت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ سادہ لوح نہیں۔ ان کے بقول ماضی میں جب مذاکرات جاری تھے تو ایران کو جنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی تجربے کے باعث وہ اس بار محتاط رہنا چاہتے ہیں اور کسی بھی پیش رفت کو مضبوط ضمانتوں سے مشروط دیکھنا چاہتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایران نے امریکہ سے ملاقات سے قبل بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ سے ملاقات کی، جسے خیرسگالی کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے تہران نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ وہ اس بار غیر معمولی لچک دکھانے کیلئے تیار ہے اور اپنے ارادوں کے بارے میں قابلِ اعتماد یقین دہانی کرانا چاہتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










