طیاروں سے متعلق ٹرمپ کے انکشافات اور دہلی کی خاموشی، بھارتی عوام جواب کی منتظر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ کے تناظر میں ایک بار پھر بھارتی طیاروں کے گرنے کا ذکر کیا ہے، جس کے بعد بھارت میں سیاسی اور عوامی سطح پر ہلچل مچ گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا کہ “گیارہ مہنگے طیارے” تباہ ہوئے۔ اس سے قبل وہ سات، آٹھ اور دس طیاروں کا ذکر کر چکے تھے، مگر ہر بار ایک بات مشترک رہی کہ بھارتی حکومت نے سرکاری طور پر نقصانات کی تفصیل عوام کے سامنے پیش نہیں کی۔
بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان کی جانب سے نقصانات کا اعتراف سامنے آیا، جبکہ انڈونیشیا میں تعینات بھارتی دفاعی اتاشی نے بھی نقصان کی تصدیق کی۔ مزید برآں فرانسیسی فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ انہوں نے ایک رافیل، ایک سخوئی اور ایک میراج دو ہزار طیارے کے شواہد دیکھے، مگر بھارتی حکومت خاموش رہی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ انتظامیہ کا ایران کیخلاف مکمل جنگ کے بجائے محدود فوجی کارروائی پر غور
کانگریس رہنما راہول گاندھی نے پارلیمان میں اس حوالے سے سوال اٹھایا، مگر انہیں کوئی واضح جواب نہیں ملا۔ دوبارہ سوال کرنے پر بھی حکومت خاموش رہی۔ وزیر خارجہ جے شنکر کی خاموشی کو ناقدین نے معنی خیز قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا اور مختلف عوامی فورمز پر بھارتی شہری اپنی حکومت سے شفافیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب دنیا کا طاقتور ترین رہنما بھارتی نقصانات کا ذکر کر رہا ہے تو دہلی حکومت کیوں خاموش ہے۔
عوام یہ بھی پوچھ رہے ہیں کہ اگر رافیل جیسے طیارے جن کی قیمت تقریباً پانچ سو نوے کروڑ روپے فی طیارہ بتائی جاتی ہے، ضائع ہوئے ہیں تو قوم کو اس کی مکمل تفصیل کیوں نہیں دی جا رہی۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی جانب سے آپریشن سندور کی کامیابی کے بیانات جاری ہیں، مگر عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ اگر سب کچھ کامیاب تھا تو نقصانات کی حقیقت کیا ہے۔
مبصرین کے مطابق یہ معاملہ نہ صرف دفاعی پالیسی بلکہ حکومتی شفافیت کے حوالے سے بھی ایک اہم امتحان بن چکا ہے، اور قوم اب سرکاری وضاحت کی منتظر ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









