ہفتہ، 7-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/18هـ (07-03-2026م)

حکومت نے عوام پر بھیانک پیٹرول بم گرادیا؛ پیٹرول اور ڈیزل 55، 55 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا

06 مارچ, 2026 23:55

حکومت نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 اس فیصلے کا اعلان نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ حکومتی اعلان کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔

نئے اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجتے ہی کر دیا گیا ہے اور پورے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات اسی نرخ پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں بھی تبدیلی کی ہے۔ پیٹرول پر ڈویلپمنٹ لیوی کو 84 روپے 40 پیسے سے بڑھا کر 105 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کو 76 روپے 21 پیسے سے کم کر کے 55 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ تبدیلیاں موجودہ عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے میں جنگ جیسے حالات پیدا ہو چکے ہیں اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسی سلسلے میں ایک اہم اجلاس بھی منعقد کیا گیا جس میں قیمتوں کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق حکومت کو فیصلہ کرتے وقت عوامی مشکلات کو بھی مدنظر رکھنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کرنے سے پہلے مختلف آپشنز پر غور کیا تاکہ کم سے کم بوجھ عوام پر پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر بھی کوششیں کر رہا ہے اور کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ موجودہ حالات غیر معمولی ہیں اور خطے میں جاری صورتحال کے اثرات پورے علاقے پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر میں اضافہ کیا تھا تاکہ کسی ممکنہ بحران سے نمٹا جا سکے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ تھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے گی۔ اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئیں تو اسی رفتار سے عوام کو ریلیف بھی دیا جائے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔