ہفتہ، 7-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/18هـ (07-03-2026م)

سولر پینلز لگوانے کے خواہشمندوں کیلئے خوشخبری؛ حکومت کا بڑا اعلان

07 مارچ, 2026 09:25

خیبرپختونخوا حکومت نے سولر پینلز لگوانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑا اعلان کردیا ہے۔  

پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں گھروں کی سولرائزیشن کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ منصوبے پر عملی کام جلد شروع کیا جائے تاکہ مستحق گھرانوں کو جلد از جلد سولر سسٹمز فراہم کیے جا سکیں۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اس منصوبے کے تحت صوبے بھر کے ایک لاکھ 30 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر یونٹس دیے جائیں گے۔ اس منصوبے کو دو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی کیٹیگری میں 65 ہزار غریب اور مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔ جبکہ دوسری کیٹیگری میں اتنے ہی یعنی 65 ہزار خاندانوں کو آدھی قیمت پر سولر یونٹس فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ کم خرچ میں بجلی کی سہولت حاصل کر سکیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے۔ اسے جلد ہی پی ڈی ڈبلیو پی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ منظوری ملنے کے بعد منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صوبے میں بجلی کے مسائل کو کم کرنا اور لوگوں کو متبادل توانائی فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ضم شدہ اضلاع کے لیے ایک الگ سولرائزیشن منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو جلد صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی اس سہولت سے فائدہ پہنچے۔

حکام کے مطابق سولر سسٹمز کی تقسیم صوبے کے تمام اضلاع میں آبادی کے تناسب سے کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض طبقات کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ ان میں بیوہ خواتین، معذور افراد، بے گھر افراد، ٹی ڈی پیز اور وہ علاقے شامل ہیں جہاں بجلی کی فراہمی ممکن نہیں یا بہت محدود ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس میں ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام انتظامی اور قانونی مراحل جلد مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی سولرائزیشن حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔