پیر، 9-مارچ،2026
پیر 1447/09/20هـ (09-03-2026م)

وزیر اعظم نے تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی منظوری دیدی

09 مارچ, 2026 09:18

وزیر اعظم شہبازشریف نے تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس کی شرح میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکس نظام میں ممکنہ تبدیلیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح میں 5 فیصد کمی کی جائے۔ اس طرح ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم ہو کر 30 فیصد ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس سلیب کی حد بڑھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق ان تجاویز پر حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے آئی ایم ایف سے مشاورت کی جائے گی۔ حکومت آئندہ ہفتے ان اقدامات کے بارے میں عالمی مالیاتی ادارے سے بات چیت کرے گی تاکہ معاشی پروگرام کے تحت ان تبدیلیوں کی منظوری حاصل کی جا سکے۔

وزیراعظم نے ٹیکس حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ نجی شعبے کے ماہرین سے مزید مشاورت کریں اور تجاویز کو بہتر بنا کر پیش کریں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ٹیکس نظام کو زیادہ متوازن اور کاروبار دوست بنایا جائے۔

حکومت امیر افراد اور کارپوریٹ سیکٹر پر عائد سپر ٹیکس ختم کرنے کے امکان پر بھی غور کر رہی ہے۔ اس اقدام سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

ابتدائی طور پر حکومت تقریباً 1.5 سے 1.8 کھرب روپے تک ٹیکسوں میں کمی لانا چاہتی تھی۔ تاہم معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اتنی بڑی رعایت ملنے کا امکان کم ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب ایف بی آر کو محصولات کے اہداف حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔