منگل، 10-مارچ،2026
منگل 1447/09/21هـ (10-03-2026م)

پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد موٹر سائیکل سوار حکومت سے 2200 روپے کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ طریقہ جانیے

10 مارچ, 2026 08:15

خیبرپختونخوا حکومت نے پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثر ہونے والے عوام کے لیے ایک اہم ریلیف اسکیم کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو مالی مدد فراہم کی جائے گی تاکہ ایندھن کی مہنگائی کے اثرات کو کچھ حد تک کم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عام شہری شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے خصوصی سبسڈی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت تقریباً 14 سے 16 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں موجود ہیں۔ نئے پروگرام کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو 2200 روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ یہ رقم حکومت کی جانب سے بطور سبسڈی فراہم کی جائے گی اور اس کے تمام اخراجات صوبائی خزانے سے ادا کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ پیٹرول مہنگا ہونے کے باوجود صوبے کے بی آر ٹی سسٹم کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عام مسافر اور کم آمدنی والے افراد پر مزید بوجھ نہ پڑے۔

پریس کانفرنس میں سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اچانک اضافہ عوام پر ایک بڑے بوجھ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے اخراجات کم کرے اور بڑے فیصلوں میں صوبوں کو بھی اعتماد میں لے۔

صوبائی حکومت نے سبسڈی کی رقم کا اعلان تو کر دیا ہے، تاہم یہ رقم موٹر سائیکل مالکان تک کس طریقے سے پہنچائی جائے گی اس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رقم بینک اکاؤنٹس یا کسی سرکاری پروگرام کے ذریعے شہریوں کو فراہم کی جائے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔