ہفتہ، 14-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/25هـ (14-03-2026م)

امریکی و اسرائیلی ڈرون حملہ: ایران میں رہائشی عمارت تباہ، شیر خوار بچے سمیت 6 شہری شہید

14 مارچ, 2026 14:06

ایران کے مغربی صوبے ایلام میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ ڈرون حملے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک چھ ماہ کے معصوم بچے سمیت کم از کم 6 شہری شہید ہو گئے۔

صوبائی انتظامیہ کے سیاسی و سکیورٹی امور کے نائب سربراہ تاج الدین صالحیان کے مطابق یہ حملہ ہفتہ کی علی الصبح ایلام کے شہر ایوان میں کیا گیا۔ ڈرون سے کیے گئے اس حملے میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے قریبی گھروں اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

تاج الدین صالحیان نے بتایا کہ حملے میں شہید ہونے والوں میں ایک چھ ماہ کا شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔ اسے اس حالیہ جارحیت کے دوران شہید ہونے والے کم عمر ترین بچوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اس حملے میں کم از کم 31 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق زیادہ تر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم کئی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حملے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شہری علاقوں پر مسلسل حملے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

ایران کی وزارت صحت نے بھی حالیہ حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات جاری کی ہیں۔ وزارت کے مطابق شہری علاقوں پر حملوں کے باعث 16 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 14 ہزار 904 افراد علاج کے بعد گھروں کو واپس جا چکے ہیں جبکہ 1448 زخمی اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں پانچ سال سے کم عمر 11 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 200 سے زائد شہداء کی عمر 18 سال سے کم تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق دو سال سے کم عمر 41 بچے زخمی ہوئے ہیں جبکہ 1100 سے زیادہ زخمی بچوں کی عمر 18 سال سے کم ہے۔

خواتین بھی اس جارحیت کا بڑا نشانہ بنی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حملوں میں 2500 خواتین زخمی جبکہ 220 خواتین شہید ہو چکی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری آبادی پر ایسے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں اور معصوم شہری خصوصاً بچے اس جنگ کا سب سے بڑا شکار بن رہے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔