منگل، 17-مارچ،2026
منگل 1447/09/28هـ (17-03-2026م)

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم سے متعلق بڑی خوشخبری آگئی

17 مارچ, 2026 08:36

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

حکومت اس اقدام کے ذریعے بیرون ملک سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت میں شامل کرنا چاہتی ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو اب مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ پہلے یہ سہولت بنیادی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے متعارف کروائی گئی تھی۔ اب اس اسکیم کو غیرملکی شہریوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے بھی کھولا جا رہا ہے۔ اس سے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی مالیاتی منڈیوں تک رسائی مل سکے گی۔

اس فیصلے کے بعد غیرملکی کمپنیوں کو بھی سرمایہ کاری کی اجازت دی جائے گی۔ وہ پاکستان کی حکومتی سیکیورٹیز اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور معیشت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام کے تحت اب تک 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعے پاکستان میں 12 ارب ڈالر سے زیادہ سرمایہ آ چکا ہے۔ یہ پروگرام بیرون ملک پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلات زر 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ جبکہ موجودہ مالی سال میں یہ رقم بڑھ کر 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

 اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 16.3 ارب ڈالر ہیں۔ جبکہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر تقریباً 31.6 ارب ڈالر کے قریب بتائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا آغاز 10 ستمبر 2020 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں اور عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ جوڑنا اور ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔