ایران کا بھرپور جواب، ’’سپر ہیوی ملٹی وارہیڈ‘‘ میزائلوں سے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر حملے

ایران کا بھرپور جواب، ’’سپر ہیوی ملٹی وارہیڈ‘‘ میزائلوں سے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر حملے
ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس (IRGC) نے آپریشن “وعدہ صادق 4” کے تحت 66ویں مرحلے میں بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے جدید اور طاقتور میزائلوں سے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس مرحلے میں کارروائی نہایت کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی۔ حملوں میں مقبوضہ علاقوں کے اہم شہروں، خاص طور پر تل ابیب اور جنوبی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی اس کارروائی کی زد میں آئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس مرحلے میں مختلف جدید میزائل سسٹمز استعمال کیے گئے۔ ان میں سپر ہیوی اور ملٹی وارہیڈ رکھنے والے قدر میزائل، خرم شہر، خیبر شکن اور قیام میزائل شامل تھے۔ ان کے علاوہ ذوالفقار میزائل اور حملہ آور ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ میزائل انتہائی درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ایک ہی وقت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے بعد مقبوضہ علاقوں میں صورتحال انتہائی خوفناک ہو گئی ہے۔ اسرائیلی شہری مسلسل سائرن کی آوازوں کے باعث پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل اپنی اندرونی ناکامیوں اور بحرانوں سے توجہ ہٹانے کیلئے ایران کے خلاف جنگ چھیڑ رہا ہے، لیکن یہ جنگ ابتدا سے ہی ناکامی کی طرف جا رہی ہے۔
ایرانی فورسز نے واضح کیا کہ جب تک جارحیت جاری رہے گی، جوابی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ حملے مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ آپریشن “وعدہ صادق 4” اس وقت شروع کیا گیا تھا جب امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف حالیہ حملوں کا آغاز کیا۔ اس کے بعد ایران نے بھرپور دفاعی حکمت عملی کے تحت مسلسل جوابی حملے کیے ہیں۔
ان حملوں میں تل ابیب، بیت المقدس، حیفہ، بیر شیبع اور صحرائے نیگیو سمیت اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قطر، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی ایرانی ردعمل کی زد میں آئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










