جمعہ، 20-مارچ،2026
جمعہ 1447/10/01هـ (20-03-2026م)

ایران کا پیغامِ خودمختاری: ہمسایہ ممالک دشمن قوتوں کو اڈے دینے سے گریز کریں

20 مارچ, 2026 08:20

تہران: ایران کی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ خطے میں موجود دشمن اہداف کو نشانہ بنانے والی کارروائیاں دراصل دفاع کا جائز حق ہیں، اور علاقائی ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو امریکا اور اسرائیل کے استعمال سے روکیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک بیان میں کہا کہ بین الاقوامی قانون کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ اپنی سرزمین یا سہولیات کو کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحیت کیلئے استعمال ہونے دے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین، خاص طور پر قرارداد 2625 اور 3334 کے تحت یہ واضح اصول موجود ہے کہ کوئی بھی ملک اپنی زمین کو حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دے سکتا۔

علاقائی ممالک کی ذمہ داری

اسماعیل بقائی نے کہا کہ معتبر شواہد موجود ہیں کہ خطے کے بعض ممالک میں قائم فوجی اڈوں اور سہولیات کو ایران کے خلاف حملوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ جو ممالک اپنی سرزمین پر امریکی فوجی تنصیبات کی میزبانی کر رہے ہیں، وہ اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ اگر کوئی ملک ان کارروائیوں میں مدد فراہم کرتا ہے تو اسے ان جرائم میں شریک سمجھا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کی اصل وجہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ ہے۔ ان کے مطابق یہی قوتیں خطے کے ممالک میں موجود اڈوں کو استعمال کرتے ہوئے ایران کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کر رہی ہیں۔

ایران کا عالمی قوانین پر زور

ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران بین الاقوامی قانون، ہمسائیگی کے اصول، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ خطے کے ممالک ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں گے اور امریکا و اسرائیل کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایران نے یہ بھی کہا کہ مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو اسرائیل کے اس مقصد کو تقویت دیں جس کے ذریعے وہ اسلامی دنیا میں اختلافات پیدا کرنا چاہتا ہے۔

سعودی عرب کے بیان پر ردعمل

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب میں ہونے والے عرب-اسلامی اجلاس کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران پر "پیشگی جارحانہ اقدامات” کا الزام عائد کیا تھا۔

ایرانی ترجمان نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران صرف ان مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے جہاں سے اس کے خلاف حملے کیے جا رہے ہیں، جو کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق دفاعی اقدام ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔