ہفتہ، 21-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

21 مارچ, 2026 09:00

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کا رمضان عبادات میں گزرا ہے، ہمارے خطے میں جاری جنگ نے عالمی معیشت کو متاثر کیا، بحران کے مزید شدت اختیار کرنے کا خطرہ بڑھتا جارہاہے، مسلسل محنت اور ایثار ہمیں بحران سے نکال سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برادر ممالک پر حملوں نے صورتحال کو مزید خطرناک بنادیا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، خطے میں جنگ نے عالمی معیشت اور استحکام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

 شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اضافے کی تجویز دی گئی، ڈیزل کی قیمت میں 74روپے اضافے کی تجویز دی گئی، میں نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا، مارچ  میں تیل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے نے زندگیوں کو متاثر کیا، حالیہ تاریخ میں مہنگائی کا نیا طوفان جنم لے رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول پر127روپے، ڈیزل پر252روپے فی لیٹر اضافہ روکنے کیلئے 69 ارب روپے خرچ کرچکے، حکومت 45 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کرے گی، عوام نے صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، جس پر شکر گزار ہوں، حکومت رواں ہفتے کے اضافی اخراجات برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ضرورت مند طبقات کو سہارا ملا ہے، حکومتی اقدامات سے خوشحال طبقے نے بھی یکساں فائدہ اٹھایاہے، عوام کو قیمتوں کے کمر توڑ دباؤ سے محفوظ رکھنے کی  بھرپور کوشش کررہے ہیں، ہمیں ایک قوم بن کر احتیاط اور زندگی میں کفایت شعاری کواپنا نا ہوگا، اشرافیہ پر بھی ذمہ داری ہے کہ اس کارخیر میں اپنا بھرپور کرداراداکریں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی مہم کا آغاز حکومت نے خود  سے کیا، کفایت شعاری کے تحت قومی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایاہے، کفایت شعاری کے تحت روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا جائزہ لے رہا ہوں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔