جمعہ، 27-مارچ،2026
جمعہ 1447/10/08هـ (27-03-2026م)

اپنا گھر بنانے کیلئے حکومت کی نئی اسکیم متعارف؛ 1 کروڑ تک آسان شرائط پر قرض ملے گا، مگر کیسے؟ طریقہ کار جانیے

27 مارچ, 2026 11:31

حکومتِ پاکستان نے کم آمدنی والے شہریوں کے لیے رعایتی ہاؤسنگ اسکیم پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ہاؤسنگ قرض کی حد 35 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی ہے۔ اب دس مرلے تک کے گھروں کے لیے بھی صرف پانچ فیصد فکسڈ مارک اپ پر قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ پہلے بعض کیٹیگریز میں شرح سود آٹھ فیصد تھی، جسے یکساں طور پر پانچ فیصد کر دیا گیا ہے۔ پہلے سے آٹھ فیصد پر قرض لینے والے افراد بھی اب پانچ فیصد فکسڈ شرح سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

حکومت نے اس اسکیم کے پہلے سال کے لیے 322 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے، جس میں 282 ارب روپے مارک اپ سبسڈی اور 40 ارب روپے رسک شیئرنگ کاسٹ شامل ہے۔ یہ اقدام بینکوں کو زیادہ سے زیادہ قرض فراہم کرنے کی ترغیب دے گا اور قرض کی منظوری کے عمل کو تیز کرے گا۔

اس اسکیم کے تحت چار سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں جون 2026 تک 50 ہزار گھروں کی تعمیر کی جائے گی، جبکہ جون 2027 تک ایک لاکھ گھر مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ تیسرے سال جون 2028 تک ڈیڑھ لاکھ اور چوتھے سال جون 2029 تک دو لاکھ ہاؤسنگ یونٹس مکمل کیے جائیں گے۔

گھروں کے سائز کی حد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ اب اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ دس مرلے (2720 مربع فٹ) تک کے گھر تعمیر یا خریدے جا سکتے ہیں۔ فلیٹ یا اپارٹمنٹ کا سائز 1360 مربع فٹ سے بڑھا کر 1500 مربع فٹ کر دیا گیا ہے۔ قرض کی واپسی کے لیے 20 سال تک کا طویل عرصہ مقرر کیا گیا ہے تاکہ ماہانہ قسطوں کا بوجھ کم ہو جائے۔ حکومت پہلے دس سال تک مارک اپ سبسڈی برداشت کرے گی۔ بینکوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ 90 فیصد فنانسنگ فراہم کریں، جبکہ درخواست گزار صرف 10 فیصد رقم ابتدائی حصہ کے طور پر دے گا۔

اہلیت کے معیار کے مطابق صرف وہ پاکستانی شہری درخواست دے سکیں گے جن کے پاس کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ موجود ہو اور پہلے سے ان کے نام پر کوئی رہائشی جائیداد نہ ہو۔ اسکیم خاص طور پر پہلی بار گھر خریدنے یا تعمیر کرنے والوں کے لیے ہے۔ درخواست گزار اپنے ذاتی پلاٹ پر گھر تعمیر کرنے، تیار شدہ مکان یا فلیٹ خریدنے یا نئے پلاٹ پر گھر بنانے کے لیے قرض حاصل کر سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔