ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، وزیر خزانہ

Finance Minister Gives Good News to Public Regarding Petroleum Products
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید برآں، اوگرا کا ڈیجیٹل ڈیش بورڈ فعال کرنے اور 12 ہزار سے زائد پیٹرول پمپوں کی مانیٹرنگ تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ ڈیزل کے ذخائر تقریباً 25 دن کے لیے کافی ہیں اور پیٹرول کی دستیابی موجودہ طلب کے مطابق برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ کروڈ آئل کے ذخائر تقریباً 12 دن کے لیے کافی ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات شیڈول کے مطابق درآمد کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل سمیت دیگر آئل کمپنیوں کی رپورٹنگ بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ، گھریلو اور پاور سیکٹر کے لیے گیس کی متوازن فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مشترکہ ٹیمیں اسلام آباد میں پیٹرول پمپوں کی چیکنگ کریں گی، جن میں ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔ حکومت نے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور شفافیت کے ساتھ بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی اعلان کیا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










