اتوار کی رات ’خونی چاند‘ کا نظارہ، کہاں کہاں دیکھا جائے گا؟

Blood Moon on Sunday Night: Where Will It Be Visible?
اتوار کی رات آسمان پر ایک شاندار فلکی مظہر دیکھنے کو ملے گا، جب مکمل چاند گرہن رونما ہوگا، جو ایشیا، یورپ اور افریقہ کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔
پاکستان میں یہ چاند گرہن رات 10 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 52 منٹ تک واضح طور پر نظر آئے گا، اور اس دوران ناظرین کو "بلڈ مون” یعنی خون نما سرخ چاند کا دلکش منظر بھی دیکھنے کو ملے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق جب سورج، زمین اور چاند ایک قطار میں آ جاتے ہیں تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے، جس کی وجہ سے چاند کا رنگ سرخ دکھائی دیتا ہے۔ اس منفرد مظہر کو بلڈ مون کہا جاتا ہے، اور صدیوں سے یہ قدرتی منظر انسانوں کو حیرت میں مبتلا کرتا آ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت، چین اور ایشیا کے دیگر ممالک اس مکمل چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے بہترین مقامات ہوں گے، جبکہ یورپ اور افریقہ میں جزوی چاند گرہن شام کے وقت چاند طلوع ہونے کے ساتھ مختصر وقت کے لیے نظر آئے گا۔ برطانوی وقت کے مطابق مکمل گرہن شام 5 بج کر 30 منٹ سے 6 بج کر 52 منٹ تک جاری رہے گا۔ شمالی امریکا میں یہ چاند گرہن نظر نہیں آئے گا۔
کوئنز یونیورسٹی بیلفاسٹ، شمالی آئرلینڈ کے ماہر فلکیات ریان ملیگن نے وضاحت کی ہے کہ چاند گرہن کے دوران چاند کا رنگ سرخ اس لیے دکھائی دیتا ہے کیونکہ سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزرتے ہوئے بکھر جاتی ہے۔ نیلی روشنی کی طول موج سرخ کی نسبت کم ہونے کی وجہ سے وہ زیادہ آسانی سے منتشر ہو جاتی ہے، جب کہ سرخ روشنی زمین کے گرد خم کھاتی ہوئی چاند تک پہنچتی ہے اور اسے سرخ رنگ میں ڈھال دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے کسی خاص آلے یا حفاظتی چشمے کی ضرورت نہیں ہوتی، صرف صاف آسمان اور موزوں جگہ کافی ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں آخری مکمل چاند گرہن ہوا تھا، جبکہ آئندہ مکمل سورج گرہن 12 اگست 2026 کو یورپ کے کچھ حصوں میں نظر آئے گا، جو اپریل 2024 کے بعد پہلا مکمل سورج گرہن ہوگا۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.