نیند میں خواب کیوں آتے ہیں اور ان کا دکھنا کیوں ضروری ہے؟ جانیے

Why Do We Dream During Sleep and Why Are Dreams Important? Find Out
نیند کے دوران خواب دیکھنا ایک معمول کا حصہ ہے، لیکن یہ عمل طبی طور پر کتنا اہم اور پیچیدہ ہے، اس حوالے سے ماہرین کی رائے اب بھی مکمل طور پر متفق نہیں۔
تاہم متعدد تحقیقات اور نظریات اس راز سے پردہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہم خواب کیوں دیکھتے ہیں اور یہ کس حد تک ہماری ذہنی و نفسیاتی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خواب نیند کے مختلف مراحل میں دکھائی دے سکتے ہیں، تاہم نیند کے اس مرحلے کو جس میں خواب سب سے زیادہ واضح اور متحرک ہوتے ہیں، REM Sleep (ریپڈ آئی موومنٹ) کہا جاتا ہے۔ اسی دوران دماغ کی سرگرمیاں تقریباً اتنی ہی فعال ہوتی ہیں جتنی کہ بیداری کے عالم میں۔
خوابوں کی اہمیت
ایک عمومی نظریہ یہ ہے کہ خواب دراصل ہماری روزمرہ زندگی، خیالات، تجربات اور بات چیت کا عکس ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف یادداشت کو مستحکم کرتے ہیں بلکہ دن بھر درپیش مسائل کے لیے ذہنی ریہرسل کا کام بھی انجام دیتے ہیں۔ یعنی خواب ہماری ذہنی تربیت کا ایک غیر محسوس ذریعہ بن سکتے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کی ایک رپورٹ کے مطابق خواب کے دوران دماغ کا سب سے زیادہ متحرک حصہ "ایمی گڈیلا” ہوتا ہے، جو ہماری جذباتی یادداشت اور خطرات سے نمٹنے کی تیاری سے متعلق ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ حصہ نیند میں بھی ہمیں ایسے چیلنجز کے لیے تیار کرتا ہے جو ہماری بقا سے متعلق ہو سکتے ہیں۔
ڈراؤنے خواب اور ان کی وجوہات
ماہرین کے مطابق ڈراؤنے خواب عموماً پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) سے متاثرہ افراد کو آتے ہیں۔ یہ ایک نفسیاتی کیفیت ہے جو کسی تکلیف دہ یا خوفناک واقعے کے بعد پیدا ہوتی ہے۔ اس کیفیت میں دماغ منفی خیالات اور پریشان کن یادوں سے بھر جاتا ہے، جو نیند کے دوران ڈراؤنے خوابوں کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔
خواب کا دورانیہ
خوابوں کے دورانیے پر ماہرین متفق نہیں ہیں۔ بعض اوقات یہ چند لمحے طویل ہوتے ہیں، تو بعض اوقات ایک مکمل کہانی کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ خوابوں کا یہ دورانیہ REM Sleep کے مختلف سائیکلز کے دوران تبدیل ہوتا رہتا ہے۔
تخلیقی صلاحیت اور خواب
دلچسپ بات یہ ہے کہ تاریخ کے کئی معروف ادیب، موسیقار اور مصور اپنے شاہکاروں کا کریڈٹ اپنے خوابوں کو دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین خواب کو تخلیقی رجحانات پیدا کرنے والا عمل بھی قرار دیتے ہیں۔
یادداشت اور خواب
طبی ماہرین کے مطابق خواب نہ صرف ذہنی الجھنوں کو سلجھاتے ہیں بلکہ اہم معلومات کو محفوظ کرنے اور غیر ضروری یادداشت کو ختم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔ یوں خواب ایک طرح سے دماغی ترتیب کا عمل بن چکے ہیں جو انسان کو دن بھر کی معلومات سے فائدہ حاصل کرنے اور غیر ضروری بوجھ سے نجات دلانے میں مدد کرتے ہیں۔
نتیجتاً، خواب ایک سادہ سا ذہنی عمل نہیں بلکہ انسانی دماغ کے پیچیدہ نظام کا ایک فعال حصہ ہیں، جو ہماری یادداشت، جذبات، تخلیقی صلاحیت اور نفسیاتی صحت پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement