معجزہ یا اتفاق؟ 4 سالہ بچی 20 ویں منزل سے گِر کر زندہ بچ گئی

معجزہ یا اتفاق؟ 4 سالہ بچی 20 ویں منزل سے گِر کر زندہ بچ گئی
چین کے صوبہ ہونان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک 4 سالہ بچی 20 ویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزاتی طور پر محفوظ رہی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون وو یومئی اپنی 14 ویں منزل پر واقع رہائش گاہ میں کھانا پکا رہی تھیں کہ اچانک انہیں باہر سے ایک زور دار آواز سنائی دی، کھڑکی سے جھانکنے پر انہوں نے دیکھا کہ ایک ننھی بچی 13 ویں منزل کے چھجے سے لٹک رہی ہے، جو چند لمحے قبل 20 ویں منزل کی کھڑکی سے پھسل کر گری تھی۔
خاتون نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھڑکی سے ہاتھ بڑھا کر بچی کو تھام لیا اور اپنے 16 سالہ بیٹے سے فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دینے کا کہا۔
خاتون نے گھبرائی ہوئی بچی کو دلاسا دیا کہ "پولیس اور فائر فائٹرز جلد ہی یہاں ہوں گے۔”
اسی دوران عمارت کے رہائشیوں نے عمارت کے چیٹ گروپ میں پوسٹ کی گئی ویڈیو دیکھ کر مدد کے لیے دوڑ لگائی، 14 ویں منزل پر موجود دو افراد موقع پر پہنچے اور خاتون کے ساتھ مل کر بچی کو محفوظ کرلیا۔ کچھ دیر بعد فائر فائٹرز بھی پہنچ گئے اور حفاظتی رسیوں کے ذریعے بچی کو بحفاظت اندر کھینچ لیا۔
واقعے کے بعد معلوم ہوا کہ خاتون کے ہاتھ معمولی زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بچی کو اسپتال منتقل کرنے پر ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ معجزاتی طور پر محفوظ ہے۔
وو یومئی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ "میں بہت خوفزدہ تھی، ڈر رہی تھی کہ کہیں بچی میرے ہاتھوں سے نہ پھسل جائے، جب اسے بچا لیا گیا تو میری ٹانگیں کانپنے لگیں، مگر میں بے حد خوش تھی۔”
بچی کے والدین نے اگلے روز خاتون سے ملاقات کر کے ان کی بہادری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی ہمت اور بروقت اقدام نے ان کی بیٹی کو نئی زندگی دی۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.