قسمت چمک اٹھی یا کرپشن کا کمال؟ بھارت میں چائے فروش کے گھر سے خزانہ نکل آیا

قسمت چمک اٹھی یا کرپشن کا کمال؟ بھارت میں چائے فروش کے گھر سے خزانہ نکل آیا
بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک چائے فروش کے گھر سے ایک کروڑ سے زائد کی نقدی، سونا، چاندی اور قیمتی گاڑی برآمد کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی سائبر فراڈ میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کی اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران پولیس کو چائے فروش کے گھر سے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے نقدی، 344 گرام سونا، ڈیڑھ کلو چاندی، 85 اے ٹی ایم کارڈز، 75 چیک بکس، دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فون اور ایک لگژری کار ملی۔
پولیس نے چھاپے کے دوران دو بھائیوں، ابھشیک کمار اور ادتیہ کمار، کو گرفتار کیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ابھشیک ماضی میں چائے کا ٹھیلا لگاتا تھا، لیکن بعد میں ایک بین الاقوامی سائبر فراڈ گروہ سے منسلک ہوگیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ابھشیک دبئی منتقل ہو چکا تھا اور وہیں سے اس نیٹ ورک کو چلا رہا تھا، جبکہ اس کا بھائی بھارت میں مالی لین دین اور رابطوں کی نگرانی کرتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس فراڈ نیٹ ورک کے روابط بھارت کی مختلف ریاستوں تک پھیلے ہوئے ہیں، مزید تحقیقات کے لیے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور اینٹی ٹیرر اسکواڈ (اے ٹی ایس) کو بھی شامل کرلیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک رقم کی منتقلی اور نیٹ ورک کے رابطوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.