جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

کہیں آپ بھی تو پلاسٹک کا انڈہ نہیں کھا رہے؟ اصلی اور پلاسٹک کے انڈوں کو پہچاننے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

20 نومبر, 2025 10:59

ملک بھر میں ان دنوں اصلی اور نقلی انڈوں کی بحث زور پکڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں کہ مارکیٹ میں پلاسٹک کے انڈے فروخت ہو رہے ہیں، جن کی سفیدی اور زردی کی ساخت عام انڈوں سے مختلف ہوتی ہے۔ شہری پریشان ہیں کہ اصل اور نقل میں فرق کیسے کریں۔

اسی موضوع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے نمائندے محسن بھٹی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کے انڈوں کا وجود ہی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ اکثر شکایت کرتے ہیں کہ انڈے ابالنے کے بعد زمین پر پھینکیں تو وہ اچھلتے ہیں، جس سے انہیں لگتا ہے کہ یہ پلاسٹک کے بنے ہوئے ہیں۔

محسن بھٹی نے بتایا کہ اصل مسئلہ انڈوں کو کولڈ اسٹور میں طویل عرصے تک رکھنے کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ گرمیوں میں انڈوں کی کھپت کم ہو جاتی ہے، جبکہ فارمی مرغیوں کی پیداوار سال بھر جاری رہتی ہے۔ پولٹری فارم مالکان ان انڈوں کو کئی ماہ تک سرد خانوں میں محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ انڈے بعد میں مارکیٹ میں لائے جاتے ہیں تو ان کی سفیدی اور زردی کی ساخت سخت اور لچک دار محسوس ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں زمین پر پھینکنے سے ہلکی سی اچھال پیدا ہو سکتی ہے، جسے لوگ غلط فہمی میں پلاسٹک سمجھ لیتے ہیں۔

غذائی ماہر کے مطابق انڈوں میں یہ تبدیلی بالکل اسی طرح ہوتی ہے جیسے باسی اور تازہ سبزی یا پھل میں فرق محسوس ہوتا ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ نقلی ہیں۔ محسن بھٹی نے کہا کہ پلاسٹک سے انڈا بنانا ممکن نہیں، کیونکہ پلاسٹک کو نہ ابالا جا سکتا ہے، نہ فرائی کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی آملیٹ تیار کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع کی معلومات پر بھروسہ کریں۔

Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔