پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

ایک سفید بال توڑنے سے باقی بھی سفید کیوں ہوجاتے ہیں؟ سائنسی حقیقت سامنے آگئی

01 دسمبر, 2025 11:04

بالوں میں سفیدی کو عام طور پر بڑھتی عمر کی علامت سمجھا جاتا ہے، لیکن آج کل نوجوان بھی اس مسئلے کا شکار ہو رہے ہیں۔

 ماہرین کہتے ہیں کہ نئی طرزِ زندگی، ذہنی دباؤ، غیر صحت مند خوراک، آلودگی اور جینیاتی عوامل اس رجحان کی بنیادی وجوہات ہیں۔

اکثر لوگ سفید بال دیکھ کر گھبرا جاتے ہیں اور فوراً اسے توڑ دیتے ہیں۔ لیکن ان کے ذہن میں یہ ڈر بھی ہوتا ہے کہ کہیں ایک سفید بال نکالنے سے باقی بال بھی سفید نہ ہوجائیں۔

کیا واقعی سفید بال نکالنے سے مزید سفید بال اُگتے ہیں؟

ماہر امراضِ جلد ڈاکٹر شیوانگی رانا نے اس بارے میں واضح کیا ہے کہ یہ صرف غلط فہمی ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ ہر بال کا فولیکل اپنا الگ نظام رکھتا ہے، اس لیے ایک بال نکالنے سے دوسرے بالوں کا رنگ تبدیل نہیں ہوتا۔

البتہ بار بار بال توڑنے سے نقصان ضرور ہوتا ہے۔ اس سے فولیکل کمزور ہوجاتا ہے اور اس جگہ بال کمزور، پتلے یا مکمل طور پر ختم بھی ہوسکتے ہیں۔

بال سفید کیوں ہوتے ہیں؟

بالوں کا رنگ میلانین نامی روغن سے بنتا ہے جو وقت کے ساتھ کم ہونے لگتا ہے۔ جب جسم میں میلانوسائٹس نامی خلیے اپنا کام چھوڑتے ہیں تو بال پہلے گہرے، پھر سرمئی اور آخر میں سفید ہو جاتے ہیں۔ یہ عمل عمر کے ساتھ تیز ہوجاتا ہے۔

لوگ کیوں سمجھتے ہیں کہ بال توڑنے سے بال بڑھتے ہیں؟

ڈاکٹر رانا کا کہنا ہے کہ جب سفید بال دوبارہ اُگتا ہے تو وہ پہلے کے مقابلے میں سخت محسوس ہوتا ہے۔ اس سے لوگوں کو لگتا ہے کہ شاید مزید سفید بال نکل آئے ہیں، حالانکہ ایسا نہیں ہوتا۔

اہم بات یہ ہے کہ جو بال ایک بار سفید ہوجاتا ہے، وہ دوبارہ کالا نہیں ہوتا۔ مگر اگر طرزِ زندگی بہتر ہو تو سفیدی کے عمل کو کچھ حد تک سست ضرور کیا جاسکتا ہے۔

سفیدی کم کرنے کے احتیاطی طریقے

  • مناسب نیند لیں
  • ذہنی دباؤ کم رکھیں
  • متوازن غذا کھائیں
  • ضروری وٹامنز معالج کے مشورے سے استعمال کریں
  • سگریٹ نوشی اور آلودگی سے دور رہیں

مختصر یہ کہ سفید بال توڑنے سے باقی بال سفید نہیں ہوتے، لیکن یہ عادت نقصان دہ ضرور ہے۔ اصل وجہ عمر، ذہنی دباؤ اور غذائی کمی ہے، نہ کہ ایک بال توڑنا۔

Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔