جمعرات، 18-ستمبر،2025
جمعرات 1447/03/26هـ (18-09-2025م)

Advertisement

Advertisement

Advertisement

Advertisement

کون سے سولر پینل پر سیلز ٹیکس نہیں لگے گا؟ چیئرمین ایف بی آر نے بتادیا

18 جون, 2025 12:18

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ مکمل تیار شدہ سولر پینل اگر امپورٹ کیا جائے تو اس پر کوئی سیلز ٹیکس نہیں لگتا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں بجٹ میں سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز کو کثرت رائے سے مسترد کر دیا گیا۔ اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مکمل تیار شدہ سولر پینل اگر امپورٹ کیا جائے تو اس پر کوئی سیلز ٹیکس نہیں لگتا، تاہم اگر اس کے پرزے درآمد کر کے مقامی سطح پر پینل تیار کیا جائے تو ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ماضی میں سولر پینلز کی قیمتیں بہت زیادہ تھیں لیکن اب ان کی قیمتیں کافی حد تک کم ہو چکی ہیں۔ اس موقع پر کمیٹی کے ارکان نے اس تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ایوان میں سولر پر ٹیکس کی مخالفت کی ہے اور اگر آمدنی ہی اکٹھی کرنی ہے تو اس کے اور بھی کئی طریقے موجود ہیں۔

رکن کمیٹی نے نشاندہی کی کہ جب سے سولر پر ٹیکس کی تجویز سامنے آئی ہے، مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتیں تیزی سے بڑھ گئی ہیں، جو کہ عام صارف، بالخصوص غریب طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ مرزا افتخار بیگ نے کہا کہ اگر حکومت واقعی متبادل توانائی کو فروغ دینا چاہتی ہے تو سولر پر ٹیکس عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے مقامی طور پر تیار کردہ سولر پینلز کے ناقص معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ امپورٹڈ پینلز نہ صرف بہتر معیار کے حامل ہیں بلکہ نسبتاً سستے بھی ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ مجوزہ 18 فیصد جی ایس ٹی سے حکومت کو 20 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے، تاہم رکن کمیٹی شہرام ترکئی نے کہا کہ اگر حکومت ملک میں ٹیکنالوجی لانا چاہتی ہے تو اسے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، کیونکہ کاروباری لاگت پہلے ہی بہت زیادہ ہے، اور مزید ٹیکسز سے مسائل بڑھیں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز کو نوٹ کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے ایف بی آر کی مجوزہ ٹیکس پالیسی کو مسترد کر دیا، تاہم رکن کمیٹی جاوید حنیف نے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ سولر پینلز ملک میں ڈمپ ہو رہے ہیں اور اگر ان پر ٹیکس نہ لگایا گیا تو پاکستان میں مقامی پیداوار کبھی ترقی نہیں کر سکے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔