کرنسی نوٹوں سے ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت ہٹادی گئی؟ حقیقت سامنے آگئی

Has the Phrase "Earning a Halal Livelihood is Worship" Been Removed from Currency Notes? The Truth Revealed
سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں یہ تاثر تیزی سے پھیلایا گیا کہ پاکستانی کرنسی نوٹوں سے "حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے” کی عبارت ختم کر دی گئی ہے۔
فیس بک، ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر متعدد صارفین نے اس دعوے کو دہرایا اور تشویش کا اظہار کیا کہ اگر یہ الفاظ ہٹا دیے گئے ہیں تو حلال و حرام آمدنی کے درمیان فرق اجاگر کرنے والا یہ پیغام کیسے برقرار رہے گا۔
تاہم جب اس معاملے کی حقیقت جانچنے کی کوشش کی گئی تو یہ دعویٰ سراسر غلط ثابت ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار، بینک کی سرکاری ویب سائٹ اور فیکٹ چیک ٹیم کی آزادانہ تحقیق کے مطابق "حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے” کی عبارت اب بھی تمام کرنسی نوٹوں کی پشت پر واضح طور پر درج ہے۔
پرانے نوٹوں پر عبارت لکھی ہوتی تھی "حصول رزق حلال عین عبادت ہے”۔نئے نوٹوں سے یہ ہٹا دی گئی، حلال حرام کا فرق ہی ختم کر دیا گیا۔
اور ہمیں پتہ ہی نہیں چلا۔ pic.twitter.com/pjPovkgiFp— Bushra Mughal ik (@bushra_ik) August 17, 2025
بینک کے عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر ہر کرنسی نوٹ کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز کی تفصیل موجود ہے، جن میں یہ جملہ شامل ہے۔ دس روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک کے تمام نوٹوں کی پشت پر یہ عبارت موجود ہے۔ اس حوالے سے ویب سائٹ کا متعلقہ صفحہ بھی فراہم کیا گیا، جہاں نوٹوں کے مکمل ڈیزائن اور تحریری جزئیات دی گئی ہیں۔
فیکٹ چیک ٹیم نے خود بھی حال ہی میں جاری ہونے والے نئے 500 روپے کے نوٹ کا جائزہ لیا، جس میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ مذکورہ عبارت بدستور درج ہے۔ سوشل میڈیا پر جس تبدیلی کا دعویٰ کیا جا رہا تھا، وہ عملی طور پر غلط ثابت ہوئی۔
اس تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ "حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے” کی عبارت بدستور تمام پاکستانی کرنسی نوٹوں کا حصہ ہے اور اسے ہٹانے کی کوئی سرکاری کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ لہٰذا، سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا یہ دعویٰ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.