اتوار، 12-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

نئے گھریلو گیس کنکشن کا حصول؛ درخواست دینے والے صارفین کے لیے بڑی خبر آگئی

20 ستمبر, 2025 11:29

گھریلو آر ایل این جی کنکشن کے حصول کے لئے صارفین سوئی کمپنیز کی سرکاری ویب سائٹس سے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔

حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے آر ایل این جی کنکشن کے حصول کا عمل آسان بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھا لیا ہے، جس کے تحت صارفین اب سوئی گیس کمپنیز کی سرکاری ویب سائٹس اور موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکیں گے، جب کہ مقامی دفاتر میں بھی درخواستیں جمع کرانے کی سہولت میسر ہوگی۔

اس حوالے سے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کے لیے جامع روڈ میپ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈی سوئی کمپنیز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں آر ایل این جی کے ہزاروں نئے گھریلو کنکشنز دینے کا ہدف مقرر کیا جا رہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے ہدایت کی کہ صارفین کی آسانی کے لیے ایک مضبوط اور عوام دوست نظام وضع کیا جائے، تاکہ درخواست کے عمل سے لے کر کنکشن کی فراہمی تک تمام مراحل شفاف اور سہل انداز میں مکمل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام وزیراعظم کی جانب سے سستی اور محفوظ توانائی کی فراہمی کے عوامی مطالبے کو پورا کرنے کی ترجیحی پالیسی کا حصہ ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ایل پی جی کے مقابلے میں آر ایل این جی نہ صرف 30 فیصد سستی بلکہ گھریلو استعمال کے لیے زیادہ محفوظ ایندھن ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر پیٹرولیم نے سوئی ناردن اور سوئی سدرن کمپنیوں میں پراجیکٹ مینجمنٹ آفس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، جو صارف کی درخواست وصول ہونے سے لے کر کنکشن کی تنصیب تک تمام مراحل کی نگرانی کریں گے۔

علی پرویز ملک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صارفین کی کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے، تاکہ آر ایل این جی کنکشن کی فراہمی کے عمل میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔