سیمنٹ سے متعلق بڑی خبر آگئی

Big News Regarding Cement Industry Announced
جاری مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں سیمنٹ کی مقامی کھپت میں سالانہ بنیادوں پر 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور انڈسٹری کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران 9.17 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.85 ملین ٹن زیادہ ہے۔ پچھلے سال اسی عرصے میں ملک بھر میں 8.32 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں 7.74 ملین ٹن جبکہ جنوبی علاقوں میں 1.43 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا، جو کہ بالترتیب 10 اور 12 فیصد کا سالانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ سال شمالی شہروں میں 7.05 ملین ٹن اور جنوبی علاقوں میں 1.27 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا تھا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ستمبر 2025 میں سیمنٹ کی مقامی کھپت 3.08 ملین ٹن رہنے کا امکان ہے، جو ستمبر 2024 کے مقابلے میں 3 فیصد زائد ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں 2.99 ملین ٹن سیمنٹ کی کھپت ریکارڈ کی گئی تھی۔
سیمنٹ کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک 2.59 ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔ پچھلے سال اسی عرصے میں 2.14 ملین ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا تھا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement