ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

پاکستان کا ہر شہری کتنے لاکھ کا مقروض ہے؟ نئی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات

26 ستمبر, 2025 16:16

پاکستان کی معیشت پر قرضوں کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ بوجھ عوام کی مالی حالت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔

 اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ (ای پی بی ڈی) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک اس وقت شدید قرضوں کے جال میں پھنس چکا ہے، اور ہر پاکستانی شہری اوسطاً 3 لاکھ 18 ہزار 252 روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔ حیران کن طور پر دس سال قبل یہ قرضہ صرف 90 ہزار 47 روپے فی کس تھا، جو اب تین گنا سے زیادہ بڑھ چکا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا قومی قرضہ سالانہ اوسطاً 13 فیصد کی شرح سے بڑھ رہا ہے، جس کے باعث ہر چھ سال میں قرضے کی مجموعی رقم دگنی ہو جاتی ہے۔ اس وقت ملک کا مجموعی قرضہ جی ڈی پی کے 70.2 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جو فِسکل رسپانسبلٹی اینڈ ڈیٹ لمیٹیشن ایکٹ میں مقررہ 60 فیصد کی حد سے کہیں زیادہ ہے۔

خطے کے دیگر ممالک سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان کی صورتحال مزید تشویشناک نظر آتی ہے۔ بھارت کا قرضہ اس کی جی ڈی پی کے 57.1 فیصد، بنگلہ دیش کا 36.4 فیصد، جبکہ سری لنکا کا قرضہ 96.8 فیصد پر ہے۔ اگرچہ سری لنکا کا قرض بظاہر سب سے زیادہ ہے، مگر پاکستان کے قرضوں کی رفتارِ نمو اور سود کی ادائیگیاں کہیں زیادہ سنگین مسئلہ بن چکی ہیں۔

ای پی بی ڈی کی رپورٹ کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگیاں معیشت کے 7.7 فیصد تک جا پہنچی ہیں۔ دوسری جانب روپے کی قدر میں 2020 سے اب تک 71 فیصد کی کمی آئی ہے، جس کے باعث بیرونی قرضے کی مالیت مقامی کرنسی میں 88 فیصد بڑھ گئی ہے۔ اس صورتحال نے ملکی مالیاتی گنجائش کو نہایت محدود کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے درکار وسائل بھی ناپید ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مزید ٹیکس عائد کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ شرح سود (پالیسی ریٹ) کو موجودہ 11 فیصد سے کم کر کے 9 فیصد پر لایا جائے۔ رپورٹ کے مطابق اگر یہ اقدامات کیے جائیں تو حکومت سود کی مد میں سالانہ 1.2 کھرب روپے بچا سکتی ہے، جس سے مالیاتی دباؤ میں واضح کمی آئے گی اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی سہارا ملے گا۔

ای پی بی ڈی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ فوری طور پر مالیاتی نظم و ضبط اختیار کیا جائے، بصورتِ دیگر پاکستان ایک اور سنگین معاشی بحران کی جانب بڑھ سکتا ہے، جس کے اثرات نہ صرف معیشت بلکہ عام شہری کی زندگی پر بھی انتہائی منفی ہوں گے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔