آن لائن قرض کس طرح حاصل کرسکتے ہیں وہ بھی بغیر ضمانت؟ اسٹیٹ بینک نے اہم اعلان کردیا

How can you get an online loan without collateral? The State Bank has made an important announcement
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کسانوں کی مالی مدد کے لیے ایک جدید اور آسان قرض اسکیم متعارف کرائی ہے جسے زرخیز ای کا نام دیا گیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت چھوٹے کسان بغیر کسی ضمانت کے 10 لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کر سکیں گے۔ یہ قرض بینکوں اور مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے ایک سال کی مدت کے لیے دیا جائے گا۔
مرکزی بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ قرض اسکیم پہلے نیشنل سبسسٹنس فارمرز سپورٹ انیشی ایٹو کے نام سے معروف تھی، تاہم اسے آسان اور عام فہم بنانے کے لیے نیا نام دیا گیا ہے۔
زرخیز ای اسکیم کی خاص بات یہ ہے کہ اس قرض کا کم از کم 75 فیصد حصہ اشیائے ضروریہ جیسے کہ بیج، کھاد، زرعی ادویات اور ڈیزل کی صورت میں دیا جائے گا۔ اس کا مقصد کسانوں کو معیاری زرعی سامان براہِ راست مستند تاجروں سے فراہم کرنا ہے جو بینکوں کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے۔ باقی 25 فیصد رقم نقدی کے طور پر دی جائے گی تاکہ کسان دیگر ضروریات پوری کر سکیں۔
زمین کے مالکان کو فی ایکڑ ایک لاکھ روپے کے حساب سے زیادہ سے زیادہ 10 لاکھ روپے تک قرض مل سکے گا، جبکہ مزارعین کے لیے یہ حد 5 لاکھ روپے تک مقرر ہے۔ مالکان کو قرض کا 25 فیصد اور مزارعین کو 15 فیصد نقد رقم دی جائے گی۔ اس اسکیم میں اسلامی بینکاری کے اصولوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
درخواست دینے کے لیے کسانوں کو کسی بینک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ آن لائن پورٹل کے ذریعے آسانی سے درخواست دے سکیں گے۔ درخواست کے ساتھ 1,200 روپے کی پروسیسنگ فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔ اس کے بعد نادرا، پی ایم ڈی اور زمین کے ریکارڈ کی تصدیق کی جائے گی اور پھر منتخب بینک کو درخواست بھیجی جائے گی۔
یہ اسکیم حکومت پاکستان کے رِسک کورنگ فریم ورک کے تحت تیار کی گئی ہے تاکہ چھوٹے اور پسماندہ علاقوں کے کسانوں کو مالی سہولتیں آسانی سے دی جا سکیں۔ نئے صارفین کے لیے 10 فیصد فرسٹ لاس کورنگ اور فی کسان 10,000 روپے کی سبسڈی بھی دی جائے گی تاکہ آپریشنل اخراجات پورے ہوں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 12.5 ایکڑ، سندھ میں 16 ایکڑ اور بلوچستان میں 32 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسان اس قرض کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دہندہ کا پاکستانی شہری ہونا، عمر 21 سے 60 سال کے درمیان ہونا، نادرا کا درست شناختی کارڈ اور اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل نمبر ہونا ضروری ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.