ہفتہ، 29-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

قرض لینے کے خواہشمندوں کو گورنر اسٹیٹ بینک نے بڑی خوشخبری سنادی

15 نومبر, 2025 10:58

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ اے آئی بیسڈ کریڈٹ اسکورنگ کے باعث پہلی بار قرض لینے والوں کے لیے نئی راہیں کھل رہی ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پاکستان بینکنگ ایوارڈ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب بینکنگ شعبے کی مسلسل ترقی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینکنگ انڈسٹری کو جدید بنانے کا وقت آ گیا ہے، اور اس کے لیے تمام اداروں کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بینکنگ سیکٹر منافع بخش ہے اور حکومت پچھلے دو برس سے پرائمری سرپلس میں جا رہی ہے، جو کہ مالیاتی نظم و ضبط کی بہتری کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ہوئی ہے جس سے بیرونی فنڈنگ تک رسائی آسان ہو سکتی ہے۔

گورنر نے کہا کہ بینکوں کو اب صرف حکومتی بانڈز پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور بینک کاروبار اور صنعت کو قرض فراہم کر کے روزگار بڑھا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر بینک نئی معاشی ضروریات کے ساتھ خود کو ہم آہنگ نہ کر سکے تو وہ پیچھے رہ جائیں گے۔

انہوں نے ٹیکنالوجی کے بڑھتے کردار پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور مشین لرننگ اب بینکوں کے نظام کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجیز نہ صرف قرضوں کی منظوری کے عمل کو تیز کریں گی بلکہ رسک مینجمنٹ بھی بہتر ہو گا۔ اے آئی بیسڈ کریڈٹ اسکورنگ کے باعث پہلی بار قرض لینے والوں کے لیے نئی راہیں کھل رہی ہیں، جس سے نوجوانوں اور خواتین کی مالی شمولیت میں اضافہ ہوگا۔

جمیل احمد نے کہا کہ مستقبل کا بینکنگ ماڈل روایتی انداز سے مختلف ہوگا۔ "ون سائز فٹس آل” پالیسی اب مؤثر نہیں رہی۔ جدید حل اور ڈیجیٹل سسٹمز بڑے کارپوریٹ صارفین کے لیے بہتر سہولیات فراہم کریں گے۔ ان کے مطابق جدیدیت، شفافیت اور کارکردگی ہی مستقبل کے بینکوں کی کامیابی کی بنیاد ہے۔

تقریب میں بینکنگ سیکٹر کی بہترین کارکردگی پر مختلف بینکوں کو ایوارڈز دیے گئے۔ پاکستان بینکنگ ایوارڈ کی میزبانی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس نے کی۔ ملک بھر کے بینکوں کے سربراہان اور نمائندے بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔