ہفتہ، 29-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

ماضی میں مہنگا فروخت ہونے والا چلغوزہ اس برس پاکستان میں اتنا سستا کیوں؟ اہم وجہ سامنے آگئی

20 نومبر, 2025 11:19

پاکستان میں اس سال چلغوزے کی مجموعی پیداوار کو ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔

 مگر اس کاروبار سے جڑے افراد کے مطابق فصل کے دوران کئی مشکلات سامنے آئیں۔ کہیں بارشیں نہ ہونے سے میوہ کم نکلا، تو کہیں چلغوزے کے دانے معمول سے چھوٹے رہے۔ پہاڑی علاقوں میں یہ کام انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ اونچے درختوں سے کون اتارنے سے لے کر دانے نکالنے اور انہیں پکانے تک ہر مرحلہ خطرناک ہوتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس سال مختلف مواقع پر کئی مزدور زخمی ہوئے جبکہ کچھ جان سے بھی گئے۔

بلوچستان اور کوہِ سلیمان کے علاقے میں کام کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ پیداوار تو ملی، مگر سائز چھوٹا رہ گیا جس سے قیمت پر براہِ راست اثر پڑا۔ خیال گل، جو 28 سال سے اس کام سے وابستہ ہیں، کہتے ہیں کہ وہ سارا سال پہاڑوں میں محنت کرتے ہیں مگر اس بار مناسب معاوضہ نہیں ملا۔ ان کے مطابق پچھلا سال بہتر تھا، اس بار موسم کے آغاز پر قیمتیں بہت کم تھیں جس سے تاجر اور مزدور دونوں متاثر ہوئے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق کچھ علاقوں میں پیداوار واقعی معمول سے کم رہی، مگر مجموعی طور پر رپورٹ کیا جا رہا ہے کہ اس سال چلغوزے کی مقدار پچھلے برس کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے۔ خیبر پختونخوا کے کچھ پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر اچھی فصل ہوئی اور دانے بڑے سائز کے ملے۔ تاہم ان علاقوں کے تاجروں کو عالمی منڈی تک رسائی میں مسائل کا سامنا ہے۔

جنوبی وزیرستان کے بازاروں میں اس وقت چلغوزے کی قیمت 2500 سے 2700 روپے کلو تک ہے۔ جیسے جیسے سردی بڑھ رہی ہے قیمت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ تاجر کہتے ہیں کہ چین پاکستان اور افغانستان دونوں کے چلغوزے کی سب سے بڑی منڈی ہے اور وہاں قیمت سائز کے مطابق لگتی ہے۔ بڑے دانے ہوں تو قیمت بہتر ملتی ہے، جبکہ چھوٹے دانوں کی قیمت کم ہو جاتی ہے۔

تاجروں نے یہ بھی بتایا کہ چلغوزہ اگر کولڈ اسٹوریج میں نہ رکھا جائے تو اس کا وزن کم ہوتا رہتا ہے، اسی لیے اسے محفوظ رکھنے کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ سال لاہور کے ایک کولڈ اسٹوریج میں رکھا گیا مال برآمد کر لیا گیا تھا جس سے تاجروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، اسی وجہ سے اس سال تاجر زیادہ محتاط ہیں۔

چلاس اور دیامر میں اس مرتبہ چلغوزے کی پیداوار اچھی رہی اور سائز بھی بڑا ہے۔ یہاں کچے چلغوزے کی قیمت پہلے 2700 روپے تھی جو بڑھ کر 3700 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ تاجروں کے مطابق چلغوزے کو پکانے کے بعد وزن کم ہو جاتا ہے، اسی لیے بڑے شہروں میں یہ 5000 سے 8000 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ مغز 10000 سے 12000 روپے میں دستیاب ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سال پیداوار میں اضافہ ہوا مگر مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے سے مقامی مزدوروں اور تاجروں کو وہ فائدہ نہیں مل سکا جو ملنا چاہیے تھا۔ محکمہ جنگلات نے البتہ یہ امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے برسوں میں پودوں کی بہتری کے باعث چلغوزے کی پیداوار اور معیار مزید بہتر ہو گا۔

 

 

 

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔