جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

گاڑی کی ملکیت گھر بیٹھے تبدیل کروانے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

21 نومبر, 2025 10:27

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی ملکیت گھر بیٹھے تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کر کے شہریوں کی بڑی پریشانی دور کر دی ہے۔

اب گاڑی بیچنے اور خریدنے والے دونوں افراد موبائل فون کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر سکتے ہیں۔ اس سہولت سے نہ صرف وقت بچے گا بلکہ بار بار دفاتر کے چکر بھی نہیں لگانا پڑیں گے۔

نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں گاڑی کی ملکیت کی تبدیلی کا عمل بہت آسان بنا دیا گیا ہے۔ پہلے صارف اپنے موبائل میں یہ ایپ انسٹال کرے اور اکاؤنٹ بنا کر لاگ ان ہو۔ ہوم اسکرین پر اسے Apply Digital Cards کے حصے میں ICT Vehicle کا آپشن ملے گا، جہاں اس کے نام پر موجود تمام اسلام آباد رجسٹرڈ گاڑیاں ظاہر ہوں گی۔

جس گاڑی کی ملکیت منتقل کرنی ہو، اس کے سامنے Transfer Now پر کلک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد صارف اپنے چہرے کی بائیو میٹرک تصدیق کرے گا۔ کیمرے کا انتخاب کر کے اپنا چہرہ اسکرین پر دکھایا جائے اور فوٹو کی تصدیق مکمل کی جائے۔ بعد ازاں فنگر پرنٹس ویریفکیشن کا مرحلہ آتا ہے، جو ایپ میں دی گئی ہدایات کے مطابق مکمل ہوتا ہے۔

چہرہ اور فنگر پرنٹس کی تصدیق کے بعد درخواست کی تمام تفصیلات سامنے آتی ہیں۔ یہاں صارف خریدار کا شناختی کارڈ نمبر درج کرے گا اور ایگزیکٹو کیٹیگری منتخب کرے گا تاکہ فیس ظاہر ہو جائے۔ درخواست جمع ہونے کے بعد ٹریکنگ آئی ڈی اور پن کوڈ اسکرین پر آتے ہیں، جنہیں خریدار کے ساتھ شیئر کرنا ضروری ہے۔

خریدار بھی اپنے موبائل پر پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ ان کر کے Govt Services میں Vehicle Transfer منتخب کرے گا۔ ٹریکنگ آئی ڈی اور پن درج کرنے کے بعد تمام معلومات اس کے سامنے آجائیں گی۔ وہ بھی چہرے اور فنگر پرنٹس کی بائیو میٹرک ویریفکیشن مکمل کرے گا۔ جیسے ہی یہ عمل مکمل ہوگا، بیچنے والے کی اسکرین پر درخواست کا اسٹیٹس اپڈیٹ ہو جائے گا۔

درخواست منظور ہوتے ہی فیس کی ادائیگی کے لیے Pay Now کا بٹن موجود ہوتا ہے۔ فیس Easy Paisa، JazzCash، Raast، E Sahulat یا ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔ فیس جمع کروانے کے بعد بائیو میٹرک رسید ID Vault سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

آخر میں خریدار اس رسید اور ضروری دستاویزات کے ساتھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس اسلام آباد جائے گا، جہاں گاڑی کی ملکیت کی تبدیلی کا آخری مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ نادرا کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو جدید اور آسان نظام فراہم کرنا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔