ایف بی آر کا بڑا اقدام: مہنگے ڈاکٹرز، بیوٹی پارلرز اور دیگر شعبوں کا آڈٹ تیز
ایف بی آر کے ٹیکس ہدف میں 500 ارب روپے کمی کا امکان
آئی ایم ایف کی نئی شرائط کے بعد ایف بی آر نے مختلف شعبوں کا آڈٹ تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بڑے شہروں میں مہنگے ڈاکٹرز اور بڑے بیوٹی پارلرز بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔
کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پہلے مرحلے میں بڑے ڈاکٹرز کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں شہروں میں کم از کم 250 ہائی پروفائل ڈاکٹرز کی آمدن کا آڈٹ کیا جائے گا۔ یہ ابتدائی مرحلہ ہے جس کے بعد مزید نام شامل کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر اب بیوٹی انڈسٹری پر بھی خاص توجہ دے رہا ہے۔ مہنگے بیوٹی پارلرز اور کاسمیٹکس بیچنے والے بڑے کاروباروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق یہ شعبے سالانہ کروڑوں کا کاروبار کرتے ہیں مگر زیادہ تر ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔
پینٹ انڈسٹری میں بھی ٹیکس چوری روکنے کیلئے کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف نجی کمپنیوں کا آڈٹ کیا جائے گا تاکہ اصل آمدن سامنے آئے اور ٹیکس وصولی بڑھے۔
آڈٹ کے اس بڑے آپریشن کیلئے 600 نجی آڈیٹرز کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مزید 200 آڈیٹرز بھی بھرتی کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر دو ہزار نجی آڈیٹرز ایف بی آر کے ساتھ کام کریں گے۔
ایف بی آر نے نجی آڈیٹرز کو ہدایت دی ہے کہ ٹیکس دہندگان کے تمام ڈیٹا کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے۔ اس عمل کا مقصد ٹیکس نظام کو مضبوط بنانا اور شفافیت پیدا کرنا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











