بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

گیس صارفین کو حکومت نے بڑی خوشخبری سنادی

07 جنوری, 2026 10:10

حکومت نے گیس کی قیمتیں رواں سال برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس چیئرمین مصطفیٰ محمود کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے گیس کے شعبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت گیس کے گردشی قرض کے بہاؤ میں اضافہ نہیں ہو رہا۔ تاہم مجموعی گردشی قرض تقریباً تین ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس میں ایک بڑا حصہ صرف سود کی ادائیگی پر مشتمل ہے۔

وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتیں ایک موقع پر 30 ڈالر فی یونٹ تک پہنچ گئیں۔ اس کے باوجود قطر نے معاہدے کے تحت پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گردشی قرض میں اضافہ جاری رہتا تو گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا، مگر موجودہ صورتحال میں اس سال گیس کے نرخ نہیں بڑھائے جائیں گے۔

اجلاس میں پاور سیکٹر کی گیس طلب پر بھی بات کی گئی۔ وزیر نے بتایا کہ بجلی پیدا کرنے والے اداروں کی گیس کی طلب دن کے مختلف اوقات میں بدلتی رہتی ہے۔ صبح کے وقت طلب زیادہ ہوتی ہے جبکہ دوپہر میں کم ہو جاتی ہے۔ جنوری میں پاور سیکٹر نے کم مقدار میں گیس مانگی، مگر اب طلب میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے۔

سوئی سدرن کے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بلوچستان میں سردیوں کے دوران گیس کی طلب دو گنا ہو جاتی ہے۔ گرمیوں میں طلب کم رہتی ہے، مگر سردیوں میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گیس کے شعبے کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ بعض کنوؤں کی پیداوار میں کمی اور غیر قانونی کمپریسرز کے باعث بھی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ تاہم گیس کے نقصانات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور مزید بہتری کی کوشش جاری ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر آئندہ چھ ماہ تک گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے باعث سرکلر ڈیٹ میں اضافہ رُک گیا ہے اور نیا قرض پیدا نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت موسمِ سرما میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے اور گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی بہتر بنائی جا رہی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔